جیریمی کلارکسن کی بی بی سی میں واپسی

تصویر کے کاپی رائٹ Amazon Prime
Image caption جیریمی کلارکسن ایمیزون کے لیے ایک نیا موٹر شو بھی پیش کریں گے

بی بی سی کے مقبول پروگرام ’ٹاپ گیئر‘ کے سابق میزبان جیریمی کلارکسن اگلے ماہ بی بی سی کی خبروں پر مبنی طنزیہ پروگرام ’ہیو آئی گاٹ نیوز فار یو‘ کی ایک قسط پیش کریں گے۔

دو اکتوبر کو اس پروگرام کی نئی سیریز کا آغاز ہوگا۔ کلارکسن ٹیم کے کپتان ایئن ہسلوپ اور پال مرٹن کے ساتھ مل کر اس پروگرام کی نئی قسط پیش کریں گے۔

گذشتہ اپریل کو کلارک سن نے بی بی سی ون کے ایک پینل شو کی میزبانی سے انکار کر دیا تھا۔ اس سے قبل بی بی سی نے جیریمی کلارکسن کو ایک پروڈیوسر کے ساتھ ’شور شرابہ‘ کرنے پر ٹاپ گیئر کی میزبانی سے معطل کر دیا تھا۔

جیریمی کلارکسن اگلے سال انٹرنیٹ شاپنگ ویب سائٹ ایمیزون کے لیے ایک نیا موٹر شو پیش کریں گے۔ ان کے ساتھ دو دیگر میزبان جیمز مے اور رچرڈ ہیمنڈ بھی یہ نیا پروگرام پیش کریں گے۔

بی بی سی سے ان کی معطلی کے بعد جیریمی کلارکسن پہلی مرتبہ بی بی سی پر دکھائی دیں گے۔

54 سالہ کلارکسن کو گذشتہ مارچ میں معطل کیا گیا تھا جب انھوں نے ایک پروڈیوسر اواسن ٹمون کو گھونسہ دے مارا تھا۔ بی بی سی نے تحقیقات کے بعد اس بات کی تصدیق کی تھی کہ کلارکسن کے کانٹریکٹ کی تجدید نہیں کی جائے گی۔

واقعے کے بعد بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹونی ہال نے کہا تھا کہ ’ایک اور حد پار کی گئی ہے‘ اور ’ہم ہر انسان کے لیےالگ الگ اصول نہیں بنا سکتے ہیں۔‘

کلارکسن جمعے کو ’ہیو آئی گاٹ نیوز فار یو‘ کا پروگرام پیش کرنے پر راضی ہو گئے تھے۔ اس شو کی 50ویں سیریز کا آغاز ان کی میزبانی میں ہوگا۔

اسی بارے میں