شاہد کپور شاید پہلا پیار بھلا نہیں پائے

تصویر کے کاپی رائٹ

شاہد کپور اور پہلے پیار کی یاد

کہتے ہیں کہ انسان اپنا پہلا پیار چاہ کر بھی نہیں بھول پاتا۔ پتا نہیں یہ بات کہاں تک سچ ہے لیکن شاہد کپور ضرور اپنے پہلے پیار کو یاد کر رہے ہیں۔

ہوا یوں کہ آج کل شاہد اور عالیہ بھٹ اپنی آنے والی فلم ’شاندار‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور ان دونوں سے متعلق ہر بات خبر بن رہی ہے۔

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

تازہ خبر یہ ہے کہ شاہد صاحب جذبات میں آ کر عالیہ سے کہہ بیٹھے کہ اگر مستقبل میں اگر کوئی فلم ’جب وی میٹ‘ کی گیت کا کردار نبھا سکتا ہے تو وہ صرف عالیہ بھٹ ہیں۔

ویسے ایسا پہلی بار نہیں جب شاہد نے عالیہ کا موازنہ کرینہ کپور سے کیا ہے۔ اس سے پہلے بھی وہ عالیہ اور کرینہ کے انداز و بیان میں مشابہت کی بات کرتے رہے ہیں۔

شاہد کے لیے یہ شعر پڑھنے کو دل چاہتا ہے۔

یادِ ماضی عذاب ہے یا رب

چھین لے مجھ سے حافظہ میرا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

شاہ رخ سلمان کے ٹریلر ساتھ ساتھ

کہا جاتا ہے کہ بالی ووڈ میں نہ دشمنی کا ٹھکانا اور نہ ہی دوستی کا۔

ایک وقت تھا جب سلمان خان اور شاہ رخ خان کے مبینہ جھگڑے کے بعد ان کی دشمنی کے قصے میڈیا کی رونق ہوا کرتے تھے اور ایک دوسرے کے بارے میں ان کے معمولی سے بیانات بھی میڈیا لے اڑتا تھا اور ایک یہ دور ہے جب معمولی معمولی بات پر میڈیا ان کی دوستی یا بہتر ہوتے تعلقات کی خبریں چھاپنے سے نہیں تھکتا۔

اس سلسلے کی تازہ خبر کچھ یوں ہے کہ دونوں خان اپنی اپنی فلموں یعنی سلمان خان کی ’پریم رتن دھن پایو‘ اور شاہ رخ کی ’دل والے‘ کی جھلک ایک ساتھ نظر آنے والی ہے ۔ فلم نہیں بلکہ ان دونوں کا ٹریلر ایک ساتھ منظر عام پر آنے والا ہے۔

چلیں یہ تو ٹریلر ہے اب دیکھتے ہیں انڈسٹری کے کرن ارجن کی یہ جوڑی فلم کے پردے پر ایک ساتھ کب نظر آتی ہے۔

’پریم رتن دھن پایو‘ دیوالی کے موقع پر 12 نومبر کو ریلیز ہوگی جبکہ شاہ رخ اور کاجول کی ’دل والے‘ 18 دسمبر کو ریلیز ہوگی۔

تصویر کے کاپی رائٹ HOTURE IMAGES

رنویر دیپیکا کے نئے پڑوسی

رنویر سنگھ اور دیپیکا پادوکون کے درمیان صرف دوستی ہے یا پھر اس سے زیادہ کچھ اور یہ سوال میڈیا میں اکثر موضوع بحث رہتا ہے۔

رنویر تو کافی شوق بیتابی کے ساتھ دیپیکا کے اردگرد منڈلاتے نظر آتے ہیں لیکن دیپیکا ہمیشہ بڑی صفائی کے ساتھ بات کو ٹال جاتی ہیں۔

لیکن اب رنویر نے ان کے قریب آنے کا ایک ٹھوس طریقہ نکال لیا ہے جی ہاں انہوں نے اسی سوسائٹی میں گھر خرید لیا ہے جس میں دیپیکا رہتی ہیں۔

فی الحال تو دیپیکا اپنے سابق بوائے فرینڈ رنبیر کپور کے ساتھ اپنی فلم ’تماشا‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں دیکھتے ہیں کہ اپنے اس نئے پڑوسی کا خیر مقدم وہ کیسے کرتی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ RAINDROP MEDIA

کنگنا پراعتماد ہیں یا منھ پھٹ

کنگنا رناوت اپنی فلموں کی کامیابی کے بعد پراعتماد ہوئی ہیں یا پھر منھ پھٹ، یہ بھی سوچنے والی بات ہے کیونکہ آج کل وہ مختلف معاملات میں لوگوں کو ایسے لتاڑنے لگی ہیں جیسے دنیا کو سدھارنے کا ٹھیکہ انھوں نے ہی لے رکھا ہو۔

کچھ عرصہ پہلے انہوں نے ہیروئنوں کو ہیرو کے برابر معاوضہ دینے کا بیان دے کر ہلچل مچائی تھی اور اب عورتوں کی حالتِ زار پر تقریر شروع کر دی ہے۔

لندن میں ’ورلڈ سِمٹ‘ میں خواتین کے موضوع پر بولتے ہوئے کنگنا نے مردوں کے ساتھ ساتھ بالی وڈ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب وہ بالی وڈ میں آئیں تو انھیں مسترد کیا گیا اور تو اور یہ تک کہہ دیا کہ انھیں انگلش نہیں آتی تھی تو ان کا مذاق اڑایا گیا۔

اب کوئی کنگنا سے یہ پوچھے کہ اچھی اداکاری پر اسی بالی وڈ نے انہیں سر آنکھوں پر بٹھایا اور انھیں اتنا اعتماد دیا کہ آج وہ لندن میں عورتوں کے مسائل پر بات کر رہی ہیں،’وہ بھی انگلش میں‘۔

اسی بارے میں