اڈیل کی نئی البم کا نام ’25‘ ہو گا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گلوکارہ کی نئی البم ’25‘ کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا

معروف برطانوی گلوکارہ اڈیل نے تصدیق کی ہے کہ ان کی نئی البم کا نام 25 ہو گا۔

اڈیل کے مطابق یہ البم ان کی عمر کی پختگی کے بارے میں ہو گی۔

خیال رہے کہ اڈیل ماضی میں بھی اپنی البموں کا نام اپنی عمر کے لحاظ سے رکھ چکی ہیں۔

ان کی سب سے پہلی البم کا نام ’19‘ تھا، جب کہ اگلی البم کا نام ’21‘ تھا۔

اڈیل کا کہنا ہے کہ ’میں اس البم میں وہ سب کچھ کرنے کی کوشش کروں گی جو میں پہلے کر چکی ہوں اور وہ بھی جو میں نے ابھی تک نہیں کیا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا ہے کہ ’25‘ مجھے اپنے آپ کو سمجھنے میں مدد دے گا۔ میں معذرت خواہ ہوں کہ اسے بنانے میں مجھے اتنا وقت لگا۔‘

خیال رہے کہ اڈیل کے مداحوں کو اس البم کے لیے چار سال انتظار کرنا پڑا ہے کیونکہ اپنے بیٹے کی پیدائش کے بعد سے انھوں نے اب تک کوئی البم نہیں جاری کی۔

اڈیل کی البم ’21‘ میں انتہائی مقبول گانا ’سم ون لائیک یو‘ بھی شامل تھا، اور اس کی تین کروڑ کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔ یہ 21ویں صدی کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی البم ہے۔

ایک ایسے دور میں جب البم کی فروخت میں کمی آ رہی ہے، صرف برطانیہ میں اڈیل کی البم کی تقریباً 50 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں۔

گلوکارہ کی نئی البم کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا تاہم ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق یہ البم رواں برس نومبر میں مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔

اسی بارے میں