سلمان کی فلم رومانیہ میں کیوں ریلیز ہو رہی ہے؟

Image caption سورج پنچولی اور کھیمو

زرینہ وہاب اور آدتیہ پنچولی کے صاحب زادے سورج پنچولی کا کہنا ہے کہ اگر آپ کسی فلمی ستارے کے بیٹے یا بیٹی ہوں تو صورتِ حال آپ کے لیے کافی مشکل ہو جاتی ہے کیونکہ لوگ آپ کو نئے اداکار کے طور پر نہیں لیتے بلکہ آپ کے کام کا موازنہ آپ کے والدین کے کام سے کرتے ہیں۔

اب کوئی سورج سے یہ پوچھے کہ اگر آپ زرینہ وہاب اور آدتیہ پنچولی کے صاحب زادے نہ ہوتے تو کیا سلمان خان جیسا بڑا سٹار آپ کو نہ صرف فلم کا ہیرو بناتا بلکہ آپ کی فلم کی کامیابی کی ہر ممکن کوشش بھی کرتا؟

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

انڈسٹری میں ایسی ایک فلم حاصل کرنے کے لیے کتنے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں اس کا اندازہ فلم سٹارز کے بچوں کو کیسے ہو سکتا ہے، فلمسٹار کے بیٹے تھے تبھی تو ’ہیرو‘ کے ہیرو بن سکے۔

سونم کی شہرت

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سونم کپور اپنے لباس اور اپنی زبان کے لیے خاصی شہرت رکھتی ہیں

سونم کپور بغیر سوچے سمجھے بولنے کے لیے مشہور ہیں۔ وہ کب کہاں کس کو کیا کہہ بیٹھیں کچھ نہیں کہا جا سکتا، کیونکہ وہ اکثر بولنے کے بعد سوچتی ہیں۔

ایک وقت ایشوریہ رائے کو آنٹی کہنے پر وہ انھیں ناراض کر بیٹھی تھیں۔

لگتا ہے ان کے پاپا انل کپور بھی ان کی اس عادت سے پریشان ہیں ان کا کہنا ہے کہ ’سونم بہت معصوم ہیں اور ان کا دل ابھی تک بچوں جیسا ہے اور وہ ہمیشہ سونم کو یہی نصیحت کرتے ہیں کہ بولنے سے پہلے سوچا کرو۔‘

لیکن جیسے کچھ لوگ دل کے ہاتھوں مجبور ہوتے ہیں اسی طرح سونم اپنی زبان سے مجبور ہیں۔ دیکھتے ہیں پاپا کا مشورہ کتنا اثر دکھاتا ہے۔

سلمان کی فلم رومانیہ میں؟

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption فلم پریم رتن دھن پایو کے فلم ساز اسے رومانیہ میں ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں

فلم ’بجرنگی بھائی جان ‘ بنانے والے فلم ساز کبیر خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس فلم کو رومانیہ میں ریلیزکرنے جا رہے ہیں۔

یہ فلم رومانیہ میں 14سکرینوں پر سب ٹائٹلز کے ساتھ ریلیز کی جائے گی۔ یہاں سوچنے والی بات یہ ہے کہ سلمان خان کی فلم رومانیہ میں ہی کیوں ریلیز ہو رہی ہے؟

خیر اس ہفتے بالی ووڈ کے دبنگ خان کی فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ کے ٹریلر بھی ریلیز ہوئے اور اس کی ریلیز کے ساتھ ساتھ رومانیہ کی ٹی وی ایکٹرس جولیا وینٹور کے ساتھ ان کی منگنی کی افواہیں اڑنے لگیں۔

اب جولیا سلمان کی اچھی دوست ہیں یا اس سے زیادہ کچھ اور، یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ ہاں فی الحال ان کی منگنی کی خبر سے ان کے مداحوں کو خوشی ضرور ہوئی تھی۔

کنال کا دوسرا پہلو

تصویر کے کاپی رائٹ sare gama pa
Image caption کھیمو کو فلموں میں ابھی تک خاطر خواہ کامیابی کی تلاش ہے

کیا آپ جانتے ہیں کہ اداکار کنال کھیمو ایکٹنگ کے ساتھ ساتھ سکرپٹ رائٹر بھی ہیں؟

اور وہ لکھنے کی کوشش بھی کر چکے ہیں بالکل ویسے ہی جیسے اداکاری کی کوشش کرتے آ رہے ہیں۔

خیر ان کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال سکرپٹ رائٹنگ یا ڈائریکشن کے بارے میں نہیں سوچتے کیونکہ وہ اداکار کے طور پر خوش اور مطمئن ہیں۔

ویسے کنال فلموں میں اداکاری میں تو آپ کافی عرصے سے قسمت آزما رہے ہیں کیوں نہ اپنے دوسرے ہنر کو بھی آزما کر دیکھ لیں شاید کامیابی مل جائے۔

اسی بارے میں