بھارت میں عدم رواداری پر شاہ رخ خان کو تشویش

Image caption شاہ رخ خان نے گذشتہ 27 سالوں سے بھارتی فلم انڈسٹری میں کئی سنگ میل عبور کیے

بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں جہاں لوگوں کی بے شمار محبتوں کا شکریہ ادا کیا ہے وہیں ایک ٹوئٹر ٹاؤن ہال پروگرام میں انھوں نے بھارت میں ’شدید عدم رواداری‘ پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔

انھوں نے یہ بات اس وقت کہی جب بھارت میں فنکار، ادیب، سائنس دان اور دانشور حکومت کے رویے پر اپنے ایوارڈ واپس کر رہے ہیں۔

شاہ رخ نے مذہبی عدم رواداری پر کہا: ’لوگ سوچے سمجھے بغیر کچھ بھی بول دیتے ہیں۔ مذہبی طور پر عدم رواداری ہے۔ ایک محب وطن کے طور پر اس ملک میں سیکیولر نہ ہونا سب سے بڑا جرم ہے۔‘

Image caption شاہ رخ خان نے بھارت میں عدم رواداری کو جرم قرار دیا

انھوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’آج میں 50 سال کا ہوگیا لیکن آپ کی بے پناہ محبتوں کی وجہ سے پھر سے 25 سال کا محسوس کر رہا ہوں۔‘

تاہم انھوں نے انڈیا ٹوڈے کے ٹاؤن ہال پروگرام میں کہا کہ بھارت میں شدید عدم رواداری ہے۔

انھوں نے ایوارڈ واپس کرنے کے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا: ’میں ابھی تک اس صورت حال سے دوچار نہیں ہوا۔ لیکن ہم لوگوں (ایوارڈ واپس کرنے والوں) کا احترام کرتے ہیں۔ اگر ان کے خیال میں اس سے (ایوارڈ واپس کرنے سے) چیزیں بدلیں گی تو یہ بہت ہمت اور ایمانداری کا کام ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ RED CHILLIES
Image caption انھوں نے ہر طرح کے کردار نبھائے اور اپنی فنکاری کا لوہا منوایا

انھوں نے مزید کہا: ’جہاں تک میرا سوال ہے تو بھارت میں عدم رواداری ہے، شدید عدم رواداری ہے۔‘

تاہم انھوں یہ بھی کہا کہ سٹار کی حیثیت سے ان کے لیے ہر اخلاقی مسئلے پر فیصلہ کرنا بہت دشوار ہے۔

انھوں نے کہا: ’ہم اظہار رائے کی آزادی کی باتیں کر سکتے ہیں لیکن لوگ میرے گھر کے باہر آکر پتھر پھینکیں گے۔۔۔ اگر میں نے اس پر کوئی رائے قائم کی تو میں اس پر قائم رہوں گا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ YASHRAJ FILMS
Image caption ان کی فلموں میں رومانس کا عنصر غالب رہتا ہے

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارت کی موسیقی کی معروف شخصیت زوبین مہتا نے بھی بھارت میں اظہار رائے کی آزادی کی بات کہی تھی۔

شاہ رخ خان نے اپنے 27 سالہ فلمی کریئر میں بازی گر، یس باس، ڈر، پردیس، دل تو پاگل ہے، دل سے، کچھ کچھ ہوتا ہے، دل والے دلھنیا لے جائيں گے، محبتیں، کبھی خوشی کبھی غم، کل ہوں نہ ہو، ویر زارا، چک دے انڈیا، اوم شانتی اوم، چینئی ایکسپریس اور ہیپی نیو ایئر جیسی ہٹ فلمیں دی ہیں۔

اسی بارے میں