ڈیلی شو کے سابق میزبان جان سٹیورٹ کا ایچ بی او کے ساتھ معاہدہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سٹیورٹ نے 16 سال بعد خبروں پر مبنی پروگرام دی ڈیلی شو کو خیر باد کہا تھا

امریکہ کے مقبول ٹی وی پروگرام دی ڈیلی شو کے سابق میزبان جان سٹیورٹ نے معروف ٹیلی ویژن نیٹ ورک ایچ بی او کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ نیٹ ورک کی انٹرنیٹ سروسز کے لیے مختلف موضوعات پر ویڈیوز تیار کریں گے۔

ان ویڈیوز کو ایچ بی او نیٹ ورک کی سٹریمنگ سروسز ایپس، ایچ بی او ناؤ اور ایچ بی او گو اور دیگر پلیٹ فارمز سے نشر کیا جائے گا۔

چار سالہ معاہدے میں مزید روایتی ٹیلی ویژن منصوبوں کے امکانات بھی شامل ہیں۔

سٹیورٹ نے رواں سال اگست میں ہر رات پیش کیے جانے والے طنز ومزاح پر مبنی نیوز شو کی میزبانی سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

ایک بیان میں ایچ بی او نے کہا کہ ’سٹیورٹ حالیہ واقعات کو اپنے منفرد نقطہ نظر سے دیکھیں گے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ HBO
Image caption ایچ بی او حالیہ دنوں انٹرنیٹ پر اپنی خدمات کو بہتر بنانے میں لگی ہوئی ہے

ایچ بی او نے اپنے اس منصوبے کے آغاز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن نیٹ ورک کے حکام نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ منصوبے کو اگلے سال شروع ہونا چاہیے۔

نیٹ ورک کے مطابق سٹیورٹ ایک گرافکس کمپنی کے ساتھ مل کر مختصر دورانیے پر مبنی مواد بنائیں گے جسے ایک دن میں کئی مرتبہ ریفریش کیا جائے گا۔

سٹیورٹ نے ایچ بی او کے ایک بیان میں از راہِ مذاق کہا کہ ’ہر رات 22 منٹ تک ٹیلی ویژن پر نظر آنا نے مجھے واضح طور پر توڑ کر رکھ دیا تھا۔ میں پُراعتماد ہوں کہ میں وقتا فوقتا چند لمحوں پر مبنی مواد تخلیق کرسکتا ہوں۔‘

روایتی نیٹ ورک مختلف نوواردوں جیسے انٹرنیٹ پر ٹی وی پروگرام اور فلمیں دکھانے والی امریکی کمپنی نیٹ فلکس اور ایمازون پرائم ویڈیوز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی انٹرنیٹ سٹریمنگ سروسز پر زیادہ سرمایہ کاری کررہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سٹیورٹ کا پروگرام امریکہ میں بے حد مقبول تھا

پیر کو سی بی ایس نے ایک نئی سٹار ٹریک ٹی وی سیریز کا اعلان کیا ہے جسے خصوصی طور پر اُس کی سٹریمنگ سروس پر نشر کیا جائے گا اور اس کا آغاز 2017 میں ہوگا۔

سٹیورٹ کے اگلے کریئر کے متعلق اُس وقت قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں جب انھوں نے فروری میں اپنے ڈیلی شو کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ سٹیورٹ نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ اس کے بعد کیا کرنے والے ہیں۔

ڈیلی شو کو چھوڑنے کے بعد سے انھوں نے کئی خیراتی (چیریٹی) مقاصد کے لیے کام کیے۔ انھوں نے اپنے دوست اور ڈیلی شو کے پُرانے اور تجربہ کار میزبان سٹیفن کولبرٹ کے نئے چیٹ شو کے پہلے پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کی تھی۔

اسی بارے میں