راک بینڈ یو2 کا نئے گانے میں پیرس کو خراجِ عقیدت

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption گلوکار بونو نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی پیرس میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں

معروف آئرش راک بینڈ ’یو2‘ نے فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ہونے والے حالیہ حملوں کے بعد اس شہر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک گانا لکھا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پیرس میں ہونے والے حملوں میں 130 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

پیرس میں مرنے والوں کی یاد میں تعزیتی تقاریب

جس دن یہ حملے ہوئے اس کے اگلے ہی دن ’یو2‘ کو پیرس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا تاہم ان حملوں کے بعد تمام کانسرٹس منسوخ کر دیے گئے تھے۔

تبدیل شدہ نئے پروگرام کے تحت بینڈ نے اپنی پہلی پرفارمنس اتوار کو دی۔

ایکر ہوٹل ایرینا میں ایک بڑی سی ویڈیو سکرین پر پیرس حملوں کے متاثرین کے نام دکھائے جانے کے دوران بینڈ کے گلوکار بونو نے کہا کہ ’ہم پیرس میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

انھوں نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں حال ہی میں مارے جانے افراد کا بھی ذکر کیا اور کہا ’ہم ان خاندانوں کے ساتھ بھی کھڑے ہیں جن کے پیارے سان برنارڈینو میں ہلاک ہوئے ہیں۔‘

کانسرٹ کے اختتام پر بونو نے سہ رنگی فرانسیسی پرچم کو اپنے گرد لپیٹ کے فرانسیسی گلوکار جیک بغیل کے گانے کا ایک ٹکڑا ’مجھے چھوڑ کے نہ جاؤ‘ گایا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پیرس حملوں کے اگلے ہی دن ’یو2‘ کو پیرس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا

یوٹو اپنا دوسرا کنسرٹ پیر کی شام کرے گا۔

کنسرٹ شروع ہونے سے قبل بونو نے بتایا کہ ان کے نئےگانے ’سٹریٹ آف سرینڈر‘ (ہتھیار ڈالنے والی گلی) میں پیرس سے متعلق ’آزادی کا شہر‘ اور ’محبت اور فخر کی سڑکیں‘ کی سطریں شامل ہیں۔

بینڈ میں ان کے ساتھی دی ایج نے امریکی چینل سی این این کو بتایا کہ ’ہم موسیقی کو آزادی کی آواز سمجھتے ہیں۔ ہمارے خیال میں راک اینڈ رول اپنا ایک کردار ادا کرسکتا ہے، اور اس ہی لیے پیرس واپس جانا ہمارے لیے محض علامتی نہیں ہے۔

’میرے خیال میں ہم اصل میں اس تحریک کے خلاف مزاحمت اور سرکشی کا آغاز کر رہے ہیں۔‘

فرانس میں بونو اور دی ایج، دونوں کے گھر ہیں۔ گٹار پلیئر کا کہنا تھا کہ ’یوں لگتا ہے گویا ان کا ہدف ثقافت اور ہر طرح کی بہترین انسانی خصوصیات تھیں۔ بہترین موسیقی، ریستوران، فرانسیسی کھانے، ہر وہ شے جو ہر دلعزیز ہے۔‘

اسی بارے میں