اب دیپیکا بھی ہالی وڈ کا رخ کرنے والی ہیں؟

تصویر کے کاپی رائٹ deepika twitter page
Image caption دیپیکا پہلی بھارتی اداکارہ نہیں، جنھوں نے ہالی وڈ میں مقام بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے

بالی وڈ فنکاروں کی ہالی وڈ میں جگہ بنانے کی خواہش کسی سے چھپی نہیں ہے اور حال ہی میں اداکارہ دیپکا پادکون بھی اس فہرست میں شامل ہوئی ہیں۔

چند روز قبل انھوں نے ہالی وڈ اداکار وین ڈیزل کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی جس کے بیک گراؤنڈ میں ہالی وڈ کی فلم سیریز ’ٹرپل ایکس‘ کا لوگو بھی نظر آ رہا ہے۔

’میرے کردار سے نئے اداکاروں کے لیے راہیں کھلیں گی‘

اس تصویر کو دیپکا کے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی شائع کیا گیا ہے۔

دیپیکا کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد وین ڈیزل نے بھی اپنے اکاؤنٹ سے بھارتی اداکارہ کے ساتھ ایک اور تصویر شیئر کی۔

ان تصاویر کے منظرِ عام پر آنے کے بعد دیپیکا کے ’ٹرپل ایکس‘ فرینچائز کی اگلی فلم میں نظر آنے کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔

دیپیکا پہلی بھارتی اداکارہ نہیں، جنھوں نے ہالی وڈ میں مقام بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ان سے پہلے بھی کئی اداکاراؤں نے ہالی وڈ کی فلموں میں کام کیا ہے اور کچھ تو اب بھی امریکی ٹی وی سيريلز میں کام کر رہی ہیں۔

اداکارہ پرینکا چوپڑا ان دنوں امریکن ٹی وی شو ’كوانٹكو‘ میں ایک ایف بی آئی ایجنٹ کے روپ میں دکھائی دے رہی ہیں اور اس کے لیے انھیں ایوارڈ کی نامزدگی بھی ملی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ ASEEM CHHABRA
Image caption پرینکا چوپڑا ان دنوں امریکن ٹی وی شو ’كوانٹكو‘ میں ایک ایف بی آئی ایجنٹ کے روپ میں دکھائی دے رہی ہیں

ان سے پہلے فلم ’لنچ باكس‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ نمرت کور بھی امریکن ٹی وی شو ’ہوم لینڈ‘ میں آئی ایس آئی ایجنٹ کا کردار ادا کر چکی ہیں۔

دنیا میں اپنی خوبصورتی کے لیے پہچانی جانے والی ایشوریا رائے بچن نے بالی وڈ کے ساتھ ہالی وڈ میں بھی کامیابی پائی ہے۔

ہالی وڈ کے سفر کے آغاز انھوں نے ایک دہائی سے زیادہ عرصہ قبل ڈائریکٹر گریندر چڈا کی فلم ’برائیڈ اینڈ پریجوڈس‘ سے کیا تھا اور اس کے بعد وہ ’پنک پینتھر‘ سمیت پانچ ہالی وڈ فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

سنجیدہ اداکاراؤں میں شمار ہونے والی تبو نے بھی ہالی وڈ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور ان کے کھاتے میں ’دی نیم سیك‘ اور سنہ 2012 میں آنے والی ’لائف آف پائی‘ شامل ہیں۔

بےباک اداكاراؤں میں شامل ملکہ شیراوت بھی 2005 میں مشہور اداکار جیکی چین کی فلم ’دی متھ‘ میں نظر آئیں تھیں۔ اس کے بعد انھوں نے ’ہس‘ اور ’پولیٹکس آف لو‘ جیسی ہالی وڈ فلمیں بھی کیں۔

ان سب کے علاوہ بالی وڈ سے ہالی وڈ کا رخ کرنے والی اداكاراؤں میں جیكلين فرنینڈس، نرگس فخري، للت دوبے اور ٹینا دیسائی کے نام بھی شامل ہیں۔

اسی بارے میں