بل کوزبی کا جنسی حملے کے الزامات لگانے والوں کے خلاف مقدمہ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بل کوزبی کئی بار ان الزامات کو مسترد کر چکے ہیں

معروف امریکی مزاحیہ اداکار بِل کوزبی نے ان پر جنسی زیادتی کا الزام لگانے والی خواتین پر مالی فائدے کے لیے جھوٹ بولنے کا الزام لگا کر جوابی مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ 40 سے زائد خواتین کی جانب سے بل کوزبی پر جنسی زیادتی کے الزامات لگا ئے جا چکے ہیں۔

78 سالہ اداکار نے مالی ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین کے الزامات کے باعث انھیں شدید ذہنی صدمہ پہنچا ہے۔

بِل کوزبی گذشتہ کئی دہائیوں سے ایک کامیاب اداکار اور مزاحیہ فنکار کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ سنہ 1980 کی دہائی کے مزاحیہ پروگرام ’دی کوزبی شو‘ نے انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

خود پر لگنے والے الزامات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ الزامات ان سے ’مالی فائدے اٹھانے کے لیے موقع پرستی سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔‘

الزامات لگانے والوں میں سے سات خواتین نے ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے جس کے بعد بِل کوزبی کی جانب سے جوابی مقدمہ کیا گیا ہے۔

خواتین کی جانب سے دائر کیے جانے والے مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ جنسی طور پر ہراساں کرنے کے بارے میں انکشاف کرنے کے بعد کوزبی اور ان کے نمائندوں نے ان کی شہرت خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔

تاہم ان پر الزامات لگانے والوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ دہائیوں میں وہ نہ صرف انھیں شراب اور نشہ آور ادویات دیتے رہے ہیں بلکہ جنسی طور پر زیادتی کا شکار بھی بناتے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بل کوزبی کئی بار ان الزامات کو مسترد کر چکے ہیں۔

کوزبی کی جانب سے دائر کیے جانے والے مقدمے میں کہا گیا ہے کہ یہ خواتین ان کے کردار اور ساکھ کو ’نقصان پہنچانے کے لیے چلائی جانے والی ایک مہم کا حصہ ہیں۔‘

اسی بارے میں