ہندو تنظیموں کا احتجاج، شاہ رخ کی فلم کا شو روک دیا گيا

تصویر کے کاپی رائٹ Red Chillies Entertainment
Image caption دل والے سے شاہ رخ اور کاجول کی کئی برس بعد سکرین پر واپسی ہوئی ہے

بھارت میں جمعے کو ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے‘ اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’باجی راؤ مستانی‘ کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں جس کے سبب کئی مقامات پر ان کے شو روکنے پڑے ہیں۔

دارالحکومت دہلی سے متصل غازی آباد میں شاہ رخ خان کی فلم دل والے کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے جس کے بعد فلم کی سکریننگ روک دی گئی۔

مہاگن میٹرو مال کے پی وی آر سنیما میں اس فلم کا پہلا شو شروع ہوا تھا کہ ہنگامہ پھوٹ پڑا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Roshan Jaiswal

پی وی آر مووی کی انتظامیہ کے سو جيت نے فون پر بی بی سی کو بتایا: ’سو سے زیادہ مظاہرین نے شاہ رخ خان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے رکاوٹ ڈالی ہے۔ پولیس آ گئی ہے۔ آگے کے شو چلانے ہیں یا نہیں یہ پولیس سے بات چیت کرنے کے بعد طے کیا جائے گا۔‘

اسی سنیما ہال میں فلم دیکھنے والے پیوش پانڈے نے بھی بی بی سی کو بتایا کہ احتجاج کی وجہ سے فلم کی سکریننگ روک دی گئی ہے۔

شاہ رخ خان نے کچھ دنوں پہلے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت میں عدم برداشت بڑھتی جا رہی ہے۔ اس بیان کے بعد سے ہندو تنظیمیں ان کی مخالفت کر رہی ہیں۔

Image caption کئی ہندوں تنظیموں نے شاہ رخ خان کی اس فلم کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بنارس جیسے شہروں میں اس کے خلاف پہلے ہی سے احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں

کئی ہندوں تنظیموں نے شاہ رخ خان کی اس فلم کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بنارس جیسے شہروں میں اس کے خلاف پہلے ہی سے احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔

دوسری جانب مہاراشٹر میں پونے سمیت کئی شہروں میں فلم باجی راؤ مستانی کی سکریننگ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخالفت کی وجہ سے روک دی گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ eros

پونے کے مقامی صحافی دیوي داس دیش پانڈے کے مطابق شہر کے سٹي پرائڈ ملٹی پلیکس میں باجی راؤ مستانی کی آج سے سکریننگ ہونی تھی لیکن بی جے پی کے کارکنان کی جانب سے اس کے خلاف مظاہروں کے بعد اسے روک دیا گیا ہے۔

بی جے پی کے مقامی رکن اسمبلی میدھا کلکرنی نے مہاراشٹر کے دیگر شہروں میں بھی فلم کی مخالفت کرنے کی بات کہی ہے۔

بی جے پی کے کارکنوں نے فلم کے خلاف پونے میں کل بھی احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔

اسی بارے میں