’گیم آف تھرونز‘ کا نیا ناول تاخیر کا شکار

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جارج مارٹن نے اپنے بلاگ پر نصف رات کے فورا بعد لکھا: ’دا ونڈ آف ونٹر‘ مکمل نہیں ہو سکی

معروف سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کے پرستاروں کو سنیچر کے روز اس وقت دھچکا لگا جب اس کے مصنف جارج آر آر مارٹن اپنی تازہ کتاب ڈیڈ لائن کے اندر مکمل نہیں کر سکے۔

سیریز کے تازہ ناول ’دا ونڈز آف ونٹر‘ کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن تھی۔

جارج مارٹن نے اپنے بلاگ پر نصف شب کے فوراً بعد لکھا: ’دا ونڈ آف ونٹر مکمل نہیں ہو سکی۔‘

انھوں نے لکھا کہ ’آپ مایوس ہوئے ہوں گے لیکن آپ تنہا نہیں ہیں۔ میرے مدیران اور ناشرین بھی مایوس ہوئے ہیں۔ ایچ بی او بھی مایوس ہوا ہے، میرے ایجنٹس اور غیرملکی ناشرین اور ترجمہ کرنے والے بھی مایوس ہوئے ہیں۔ لیکن مجھ سے زیادہ کوئي بھی مایوس نہیں ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ HBO
Image caption گیم آف تھرونز کا امریکہ کے مقبول ترین ٹی وی سیریز میں شمار ہوتا ہے

خیال رہے کہ جارج مارٹن نے ’اے سانگ آف آئس اینڈ فائر‘ کی سیریز کی چھٹی جلد ’دا ونڈز آف ونٹر‘ کے لیے سنہ 2015 کی آخری تاریخ طے کی تھی تاکہ یہ رواں سال کے آغاز میں شائع ہو جائے۔

اس سے قبل بھی مصنف جارج مارٹن اپنی طے شدہ تاریخ کے اندر کام پورا کرنے سے قاصر رہے ہیں اور ہیلووین کے موقعے پر بھی وہ اپنا کام پورا نہیں کر سکے تھے۔

انھوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کی کتاب اپریل میں ایچ بی او پر ’گیم آف تھرونز‘ کے نشر کیے جانے سے قبل شائع نہیں ہو سکے گی۔

تو کیا اس کا مطلب یہ ہوا کہ کتاب ٹی پر دکھائے جانے والے شو سے الگ ہو گی؟

تصویر کے کاپی رائٹ HBO
Image caption کتاب کے قارئین اس فینٹاسی سیریز سے ٹی وی سیریز سے پہلے ہی لطف اندوز ہو جاتےتھے

اس سوال کے جواب پر انھوں نے کہا: ’شاید ہاں اور نہیں بھی۔ بہت سالوں سے کتاب کے قارئین ٹی پروگرام کے ناظرین سے آگے رہتے تھے لیکن رواں سال بعض وجوہات کی بنا پر اس کے برعکس ہوگا۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے۔‘

تاہم انھوں نے لوگوں کو اندازہ لگانے سے بعض رہنے کے لیے کہا کیونکہ ’ونڈز آف ونٹر‘ کبھی بھی کتاب کی دکانوں پر نظر آ سکتی ہے۔

بہر حال انھوں نے یہ تسلیم کیا کہ ڈیڈلائن انھیں دباؤ میں ڈال دیتی ہے۔

اسی بارے میں