27 فروری سنجے دت کی رہائی کی تاریخ

Image caption سنجے دت کو ممبئی حملوں کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا لیکن غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے جرم میں وہ قصوروار پائے گئے تھے

بھارت کے شہر پونے کی يروڈا جیل میں قید بالی وڈ اداکار سنجے دت کو 27 فروری کو رہائی مل جائے گی۔

سنجے دت کو غیرقانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں 21 مارچ سنہ 2013 کو بھارت کی سپریم کورٹ نے پانچ برس قید کی سزا سنائی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ انھوں نے ممبئی میں 1993 میں ہونے والے سلسلے وار بم دھماکوں کے مجرموں سے یہ ہتھیار خریدے تھے تاہم 18 ماہ کی قید وہ پہلے ہی کاٹ چکے تھے۔

جیل میں لفافے

سنجے دت کی پے رول پر تحقیقات

’جیل میں 18 کلو وزن کم کیا‘

بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق مہاراشٹرا کی حکومت نے ان کی سزا میں تخفیف کی تجویز کو قبول کیا ہے۔

ایک سینیئر افسر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب کلیئرنس ملنے کے بعدسنجے دت کی سزا میں جیل مینول کے تحت کمی کی جا رہی ہے۔

وزیرِ داخلہ رنجیت پتلی نے سجنے دت کی رہائی سے متعلق فائل پر دستخط کیے۔

56 سالہ اداکار کو سنہ 2007 میں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت ٹی اے ڈی اے نے غیر قانونی ہتھیار رکھنے پر سزا دی تھی۔

سنجے دت نے ان حملہ آورں سے غیر قانونی طور پر ہتھیار خریدے تھے جنھوں نے ممبئی میں سنہ 1993 میں دھماکے کیے تھے۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں 257 افراد ہلاک جبکہ 713 زخمی ہو گئے تھے۔

انھیں حملے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا لیکن وہ غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے جرم میں وہ قصوروار پائے گئے۔

ٹاڈا کی عدالت نے سنجے دت کو غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے کا مجرم پایا تھا اور چھ سال کی سزا سنائی تھی جسے بعد میں سپریم کورٹ نے کم کر کے پانچ سال کر دیا تھا۔

اسی بارے میں