برٹ ایوارڈز: اڈیل چار ایوارڈز کے لیے نامزد

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اڈیل کو ان کی تیسری البم 25 کی انتہائی مقبولیت کے بعد نامزد کیا گیا ہے

معروف برطانوی گلوکارہ اڈیل رواں سال موسیقی کے برطانوی ایوارڈز کی تقریب بِرٹ ایوارڈز میں سب کی نگاہوں کا مرکز ہوں گی۔ رواں سال انھیں چار ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

لاکھوں کی تعداد میں بکنے والا ان کا نیا البم 25 بہترین برطانوی البم کے لیے نامزد کیا گیا ہے جبکہ اڈیل کو بہترین برطانوی گلوکارہ اور بہترین گانے اور ویڈیو کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

اڈیل کے نئے البم ’25‘ نے نئی تاریخ رقم کر دی

تین پاپ گلوکاروں پر مشتمل میوزیکل بینڈ ایئرز اینڈ ایئرز اور گلوکار اورگانوں کی شاعری کرنے والے جیمز بے بھی چار چار ایوارڈز کے لیے نامزذ ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ ایگلز آف ڈیتھ میٹلزفرانس کے شہر پیرس میں کنسرٹ کے دوران حملوں کا نشانہ بننے کے دو ماہ بعد موسیقی کے بہترین بین الاقوامی گروپ کے طور پر نامزد ہیں۔

اڈیل کو ان کی تیسری البم 25 کی انتہائی مقبولیت کے بعد نامزد کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ برطانیہ میں ریلیز ہونے کے پہلے چھ ہفتوں میں ہی ان کی نئی البم کی 25 لاکھ کاپیاں فروخت ہوچکی تھیں۔ اڈیل اگلے ماہ لندن کے O2 ایرینا میں ہونے والے بِرٹ ایوراڈز کی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گی۔

انھیں بہترین برطانوی البم کے ایوارڈ کے لیے پسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے جسے اس تقریب کے باوقار ترین ایوارڈز میں شمار کیا جاتا ہے۔

اس ایوارڈ کی دوڑ میں ان کے مدمقابل کولڈ پلے، فلارنس اینڈ دی مشین، اور جیمی xx ہیں جبکہ گذشتہ سال جیمی xx بِرٹز کِریٹکس ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔

رواں سال وہ بہترین برطانوی مرد گلوکار، اپنے گانے ہولڈ بیک دی ریور کے لیے بریک تھرو ایکٹ اور بہترین گانے کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہیں۔

ایئرز اینڈ ایئرز کا گانا کِنگ بھی بہترین برطانوی گانے اور بہترین ویڈیوکے لیے نامزد ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ بہترین برطانوی بریک تھرو ایکٹ اور گروپ کے لیے بھی نامزد ہیں۔

بہترین برطانوی میوزیکل گروپ کے لیے ون ڈائریکشن، کولڈ پلے، فالز اینڈ بلر بھی نامزد ہیں۔ یاد رہے کہ بلر گذشتہ 12 سالوں میں بِرٹ ایوارڈز کے لیے پہلی بار نامزد ہوئے ہیں۔

معروف برطانوی گلوکارہ ایمی وائن ہاؤس کو ان کی وفات کے بعد گذشتہ سال ان کی ذندگی پر بننے والی دستاویزی فلم کے گانے کے لیے بہترین برطانوی خاتون کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

رواں سال بِرٹ ایوارڈز کی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرے کرنے والوں میں جسٹن بیبر، کولڈ پلے، جیمز بے، لٹل مِکس، دی ویکنڈ ایند جس گلین شامل ہیں۔

اسی بارے میں