پرینکا چوپڑہ، اجے دیوگن اور انوپم کھیر کے لیے اعزاز

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پرینکا چوپڑہ کو حال ہی میں کوانٹیکو میں اداکاری کے لیے پیپلز چوائس انعام سے نوازا گیا ہے

بھارت میں یوم جمہوریہ کے موقعے پر کئی معروف اداکاروں، کھلاڑیوں اور سرکردہ شخصیتوں کو اعلی شہری اعزازات سے نوازاگیا ہے۔

بھارتی سینیما کے معروف اداکار رجنی کانت کے لیے پدم و بھوشن کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی فہرست میں کشمیر کے سابق گورنر جگ موہن اور صنعت کار دھیرو بھائی امبانی (ان کا انتقال ہو چکا ہے) کے نام بھی شامل ہیں۔

پدم بھوش کے لیے اداکار انوپم کھیر کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ گذشتہ دنوں انوپم کھیر نے بھارت میں عدم رواداری کی بات پر شاہ رخ خان اور عامرخان کی پر زور مخالفت کرتے ہوئے حکومت کی حمایت میں دہلی میں ریلی بھی نکالی تھی۔

اسی طرح اجے دیوگن جنھوں نے بہار میں بی جے پی کی انتخابی ریلی میں شرکت کی تھی، انھیں بھی پدم شری کا ایوارڈ دیاگیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AVM Productions Shree Ashtavinayak Cine Vision Ltd
Image caption رجنی کانت کو پدم وبھوشن جبکہ اجے دیوگن کے لیے پدم شری کا اعلان کیا گیا ہے

بالی وڈ کی ہی اداکارہ پرینکا چوپڑہ کو بھی پدم شری کا مستحق قرار دیا گیا ہے۔ انھیں فلم ’باجی راؤ مستانی‘ اور اس سے قبل امریکی سیریئل ’کوانٹیکو کے لیے ہر طرف سے پزیرائی مل رہی ہے۔ لیکن حال ہی میں عامر خان کو مبینہ طور پر ان کے عدم رواداری کے بیان پر ’انکریڈیبل انڈیا‘ کی اشتہاری مہم سے ہٹائے جانے کے بعد ان کی جگہ پرینکا چوپڑا کو اس کا برانڈ ایمبیسڈر بنایا گيا ہے۔

فلم ساز مدھر بھنڈارکر جنھوں نے عدم روادری کے حوالے سے بالی وڈ میں حکومت کی حمایت میں ایک مہم چلائی تھی انھیں بھی پدم شری سے نوازا گیا ہے۔

کھیل کے میدان سے بھارت کی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور بیڈمنٹن سٹار سائنا نہوال کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ انھیں پدم بھوشن دیا جائے گا۔ اس سے قبل ثانیہ مرزا کو کھیل رتن ایوارڈ مل چکا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ثانیہ مرزا کو گذشتہ سال کھیل رتن سے نوازا گيا تھا

مبصرین کا کہنا ہے کہ پدم اعزاز سے نوازے جانے والوں کا انتخاب دیکھ کر ایسا نظر آتا ہے کہ حکومت بیشتر اپنے حامیوں کو نواز رہی ہے۔

یوم جمہوریہ سے سے ایک دن پہلے ان ایوارڈز کا اعلان کیا گیا جس کے تحت کل 112 ناموں کا اعلان ہوا۔ اس کے تحت دس لوگوں کو پدم وبھوشن، 19 لوگوں کے لیے پدم بھوشن جبکہ باقی ماندہ 83 افراد کے لیے پدم شری کے اعزاز کا اعلان کیا گيا۔

اسی بارے میں