کولڈ پلے کی ویڈیو میں بھارتی ثقافت کی عکاسی پر تنازع

تصویر کے کاپی رائٹ YOUTUBE
Image caption ویڈیو میں بيونسی بالی وڈ کی ایک اداکارہ ’رانی‘ کے طور پر دکھائی گئی ہیں

معروف راک بینڈ ’کولڈ پلے‘ کے نئے نغمے ’ہم فار دا ویکنڈ‘ کی نئی ویڈیو پر سوشل میڈیا میں گرما گرم مباحثہ جاری ہے۔

اس ویڈیو میں جس طرح بھارتی ثقافت کو دکھایا گیا ہے اس پر بہت سے لوگ اعتراض کر رہے ہیں۔

اس ویڈیو میں بالی وڈ اداکارہ سونم کپور بھی چند سیکنڈ کے لیے نظر آ رہی ہیں جبکہ معروف امریکی پاپ سٹار بيونسے تقریباً پورے ویڈیو میں نظر آتی ہیں۔

تقریباً سوا چار منٹ کے اس ویڈیو میں ہندوؤں کے رنگ کے تہوار ہولی کے جشن کو دکھایا گیا ہے جس میں لوگ ایک دوسرے پر رنگ پھینکتے نظر آتے ہیں۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کرس مارٹن بھارت کے قدیم تاریخی مقامات اور گنجان آبادی والی گلیوں سے گزرتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Warner Music
Image caption ویڈیو میں ہولی کے تہوار کی عکاسی کی گئی ہے

ویڈیو میں بيونسے بالی وڈ کی ایک اداکارہ ’رانی‘ کے طور پر دکھائی گئی ہیں جنھیں لوگ بڑی دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔

لیکن کولڈ پلے کے اس گیت کے بارے میں بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ کولڈ پلے ہندوستان کا استعمال غلط طور پر کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ تنازع بيونسے کے روایتی بھارتی لباس پر بھی ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ ’بھارتی ثقافت کا غلط استعمال‘ ہے، بہت سے لوگوں کو بيونسے کے لباس سے شکایت ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ YOUTUBE
Image caption لوگ ٹی وی پر انھیں گیت گاتے دیکھتے ہیں

جنوبی افریقہ کے پریٹوریا کے پائدا مینگودو نے ٹویٹ کیا: ’مجھے کولڈ پلے اور بيونسے کا نیا ویڈیو پسند ہے، گیت معمولی ہے اور بيونسے کا ثقافت دکھانے کا طریقہ مضحکہ خیز ہے۔‘

ایک اور صارف جمانتھا نے ٹویٹ کیا: ’دیکھیے، بيونسے اورکولڈپلے ہماری ثقافت کو سراہنے سے قاصر ہیں۔ یہ اس کا غلط طریقے سے استعمال ہے۔ ان کا دفاع کرنے کی کوشش مت کیجیے۔‘

لیکن کچھ لوگ دفاع میں کولڈ پلے کے دیگر ویڈیوز اور گیتوں کا ذکر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’پرنسس آف چائنا‘ میں ریانا کو روایتی چینی لباس میں دکھایا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اداکار کرس مارٹن اس میں بھارت کی گلیوں سے گزرتے نظر آتے ہیں

فرقان اختر کہتے ہیں: ’بيونسے اور ریحانا کے ساتھ کولڈ پلے کا کام بہت اچھا ہے۔ یہ ثقافت کا غلط استعمال نہیں ہے۔‘

کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ’یہ سب بکواس ہے اور یہ سب جانتے ہیں کہ کولڈ پلے نے ہندوستان میں وقت گزارا ہے اور خود کویہاں کی ثقافت میں رچایا بسایا ہے۔‘

ایک دوسرے صارف نے ٹویٹ کیا: ’اگر ہندوستانی لباس پہننے سے بيونسے قصوروار ہیں تو ان ہندوستانیوں کے بارے میں کیا کہو گے جو مغربی لباس پہنتی ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption اس ویڈیو میں سونم کپور بھی چند لمحے کے لیے ہیں

اس سے یہ سوال بھی پیدا ہوا کہ کیا ایک سیاہ فام امریکی خاتون کے طور پر بيونسے کو ایک بالی وڈ سٹار کے طور پر بھارتی لباس پہنناچاہیے تھا یا نہیں۔

اسی بارے میں