معروف موسیقار رابن گھوش چل بسے

برصیغر کے نامور موسیقار رابن گھوش 76 برس کی عمر میں بنگلہ دیش میں انتقال کر گئے۔ ان کا شمار کامیاب ترین موسیقاروں میں ہوتا تھا۔

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق رابن گھوش نے متعدد پاکستانی فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔

رابن گھوش سنہ 1939 میں عراق کے شہر بغداد میں پیدا ہوئے جہاں ان کے والد ریڈکراس میں ملازم تھے۔

رابن گھوش کو شروع ہی سے موسیقی کا شوق تھا۔ سنہ 1960 میں انھیں مشرقی پاکستان میں ایک بنگالی فلم میں موسیقی دینے کا موقع ملا۔

اس فلم میں ان کے کام کو بہت پسند کیا گیا کہ انھیں اردو فلموں میں بھی موسیقی دینے کی پیش کش ہونے لگی۔

رابن گھوش کی شادی نامور اداکارہ شبنم سے ہوئی جنھوں نے پاکستان کی متعدد فلموں میں اداکاری کی۔

رابن گھوش نے پاکستان کی متعدد فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔ ان کی مشہور فلموں میں آئینہ، چاہت، شرافت اور چکوری شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کے صوبے پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف نے نامور موسیقار رابن گھوش کے انتقال پر ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رابن گھوش کا شمار نامور موسیقاروں میں ہوتا تھا۔

اسی بارے میں