ہالی وڈ اداکار جارج گینز چل بسے

تصویر کے کاپی رائٹ Rex Features
Image caption سینیما بین انھیں ان کے پولیس اکیڈمی سیریز میں نبھائے جانے والے مشہور کردار کمانڈنٹ ایرک لسرڈ سے یاد رکھیں گے

ہالی وڈ اداکار جارج گینز 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی بیٹی نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔

جارج گینز نے پولیس اکیڈمی سیریز کی ساتوں فلموں میں کام کیا تھا اور انھوں نے 1980 کی دہائی میں مزاحیہ ڈرامے ’پنکی بروسٹر‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

انھوں نے اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی فلم ’ٹوٹسی‘ میں ڈسٹن ہوفمین کے ساتھ کام کیا تھا۔

ان کے طویل عرصہ تک ایجنٹ کا کردار ادا کرنے والے اداکار جوناتھن ہوورڈ نے دی ہولی وڈ رپورٹر اخبار کو بتایا کہ ان کی موت ’افسوس ناک ہے، لیکن انھوں نے انتہائی طویل اور بہترین زندگی گزاری۔‘

ان کی پیدائش فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں ہوئی تھی اور ان کا اصل نام جارج جونگوجنز تھا۔ وہ فرانس، انگلینڈ اور سوئٹزرلینڈ میں قیام پذیر رہے تھے۔

دوسری جنگ عظیم کے بعد وہ بطور گلوکار نیویارک منتقل ہوگئے تھے اور براڈوے تھیئٹر میں شمولیت اختیار کرنے سے پہلے نیویارک سٹی اوپرا سے منسلک رہے۔

انھوں نے کئی ٹی وی پروگرام بھی کیے جن میں ’مشن: امبوسیبل،‘ ’دی سکس ملین ڈالر مین‘ اور ’ہوائی فائیو زیرو‘ شامل ہیں۔

تاہم شاید سینیما بین انھیں ان کے پولیس اکیڈمی سیریز میں نبھائے گئے مشہور کردار کمانڈنٹ ایرک لسرڈ کے حوالے سے یاد رکھیں گے۔

جارج گینز نے سنہ 2003 میں کامیڈی فیچر فلم جسٹ میریڈ میں ایشٹن کچر اور برٹنی مرفی کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

انھوں نے سوگواروں میں اپنی ادکارہ اہلیہ الین این میک لیری اور بیٹی چھوڑی ہیں۔ ان کے بیٹے میتھیو کا سنہ 1989 میں ایک کار حادثے میں انتقال ہوگیا تھا۔

اسی بارے میں