’لاہور ادبی میلہ اب دو دن پر مشتمل ہو گا‘

تصویر کے کاپی رائٹ

لاہور میں منعقد ہونے والے ادبی میلے ‘لاہور لٹریری فیسٹیول‘ کی انتظامیہ کے مطابق اب یہ میلہ تین کے بجائے اب دو دن کا ہوگا۔

جمعرات کو لاہور لٹریری فیسٹیول کی انتظامیہ کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ پیغام کے مطابق اب یہ ادبی میلہ 19 تا 21 فروری کے بجائے 20 اور 21 فروری کو منعقد ہو گا۔

ادبی میلے کی ترجمان بینظیر شاہ نے ٹویٹ کی کہ ’اب فیسٹیول لاہور کے آواری ہوٹل میں منعقد ہو گا‘

اس سے قبل ادبی میلے کی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’میلے کا ایک دن کم کرنے کا فیصلہ پنجاب حکومت کے مشورے پر کیا گیا ہے، اور اسے کسی اور جگہ پر منعقد کرنے کے لیے حکومت سے بات چیت جاری ہے۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ روز لاہور کی ضلعی حکومت کی جانب سے مال روڈ پر واقع الحمرا آرٹس کونسل میں منعقد ہونے والے تین روزہ میلے کے لیے جاری کردہ این او سی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ کرنے کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔

اس پر لاہور ادبی میلے کی انتظامیہ کی جانب سے وضاحتی اعلان کیا گیا کہ ادبی میلہ منسوخ یا ملتوی نہیں کیا گیا ہے اور نئے پروگرام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ لاہور ادبی میلے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے ادیبوں اور فنکاروں کے علاوہ بیرون ملک سے بھی مہمان شرکت کر رہے ہیں۔

ادبی میلے میں شرکت کے لیے بھارتی اداکارہ شرمیلا ٹیگور بھی واہگہ کے راستے لاہور پہنچی ہیں۔

ادبی میلے میں صحافت، ادب، فنون لطیفہ اور سیاست پر مباحث کے علاوہ کتابوں کی تقریب رونمائی بھی منعقد کی جائے گی۔

اسی بارے میں