برِٹ ایوارڈز کی شام گلوکارہ اڈیل کے نام

تصویر کے کاپی رائٹ JUSTIN TALLIS
Image caption ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اڈیل کا کہنا تھا کہ یہ البم بنانا آسان نہیں تھا

معروف برطانوی گلوکارہ اڈیل نے لندن میں بِرٹ ایوارڈز کی تقریب میں بہترین البم اور بہترین گلوکارہ سمیت چار ایوارڈز جیت لیے ہیں۔

لندن کے O2 ایرینا میں بدھ کی شب موسیقی کے شعبے میں برطانیہ کے سب سے بڑے ایوراڈز کی تقریب میں اڈیل کے کروڑوں کی تعداد میں بکنے والے البم ’25‘ کو بہترین برطانوی البم کا ایوارڈ دیا گیا۔

اڈیل کے نئے البم ’25‘ نے نئی تاریخ رقم کر دی

انھیں اپنے نغمے ’ہیلو‘ کے لیے بہترین گانے کے علاوہ گلوبل سکسیس ایوارڈ ملا جبکہ ساتھ ہی ساتھ انھیں بہترین برطانوی گلوکارہ بھی قرار دیا گیا۔

تقریب کے سب سے باوقار ایوارڈ یعنی بہترین البم کے لیے اڈیل کا مقابلہ کولڈ پلے، فلارنس اینڈ دی مشین، جیمز بے اور جیمی ایکس ایکس سے تھا۔

25 اڈیل کی تیسری البم ہے اور دنیا بھر میں اس کی ڈیڑھ کروڑ کاپیاں فروخت ہوئی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption اڈیل کے کروڑوں کی تعداد میں بکنے والے البم ’25‘ کو بہترین برطانوی البم کا ایوارڈ دیا گیا

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے اڈیل کا کہنا تھا کہ ’یہ البم بنانا آسان نہیں تھا‘۔ انھوں نے اس ایوارڈ کو اپنے شریکِ زندگی سائمن کونیسکی کے نام کیا۔

برٹ ایوارڈز میں کولڈ پلے کو برطانیہ کا بہترین میوزک بینڈ قرار دیا گیا جبکہ جیمز بے نے بہترین مرد گلوکار کا ایوارڈ جیتا۔

تقریب میں کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کو بہترین بین الاقوامی گلوکار جبکہ آسٹریلیا کے بینڈ ٹیم امپالا کو بہترین بین الاقوامی گروپ قرار دیا گیا۔

رواں سال بِرٹ ایوارڈز کی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرے کرنے والوں میں جسٹن بیبر، کولڈ پلے، جیمز بے، لٹل مِکس، دی ویکنڈ ایند جس گلین شامل ہیں۔

اسی بارے میں