’23 برس جس آزادی کو ترسا وہ آج ملی ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سنجے دت کا کہنا تھا کہ رہائی کے دن وہ اپنے والد سنیل دت کی کمی سب سے زیادہ محسوس کر رہے ہیں

بالی وڈ کے اداکار سنجے دت پونے کی يروڈا جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے درخواست کی ہے کہ اب ان کا ذکر سنہ 1993 کے دھماکوں کے تناظر میں نہیں کیا جانا چاہیے۔

56 سالہ سنجے دت کو غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں مارچ سنہ 2013 میں بھارتی سپریم کورٹ نے پانچ برس قید کی سزا سنائی تھی۔

ان پر الزام تھا کہ انھوں نے ممبئی میں 1993 میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے مجرموں سے یہ ہتھیار خریدے تھے۔

56 سالہ سنجے دت مئی 2013 سے پونے کی یرواڈا جیل میں تھے جہاں وہ 42 ماہ قید رہے جبکہ اس سے قبل انھوں نے سنہ 2007 اور 2008 کے درمیان بھی 18 ماہ کی قید کاٹی تھی۔

جمعرات کو ان کی رہائی سزا کی مقررہ مدت سے 103 دن قبل عمل میں آئی ہے۔

رہائی کے بعد ممبئی میں پریس کانفرنس میں سنجے دت نے کہا، ’میں دہشت گرد نہیں ہوں اور میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ اب 1993 کے دھماکوں سے میرا تعلق نہ جوڑے۔‘

انھوں نے کہا کہ وہ گذشتہ رات سو نہیں پائے تھے جبکہ انھوں نے چار دن سے کھانا بھی نہیں کھایا تھا اور وہ بس یہی سوچ رہے تھے پھر کبھی جیل نہیں آئیں گے۔

سنجے دت نے کہا کہ 23 سال سے وہ جس آزادی کے لیے ترس رہے تھے وہ آج انہیں مل گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AYUSH DESHPANDE
Image caption سنجے دت نے مشکل وقت میں ساتھ نبھانے پر اپنی اہلیہ مانیتا کی کھل کر تعریف کی

سنجے نے کہا، ’مجھے معلوم ہے کہ خود کو یہ سمجھانے میں ابھی کچھ وقت لگے گا کہ میں اب آزاد ہوں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج کے دن وہ اپنے والد سنیل دت کی کمی سب سے زیادہ محسوس کر رہے ہیں۔

سنجے دت نے کہا، ’اگر میرے والد زندہ ہوتے تو شاید سب سے زیادہ خوش ہوتے۔ جب عدالت نے کہا تھا کہ میں دہشت گرد نہیں ہوں، اس وقت بھی میرے والد یہ سننے کے لیے زندہ نہیں تھے جبکہ وہی یہ سننے کے لیے سب سے زیادہ بے تاب تھے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’یہ زمین میری ماں ہے، میں ہندوستان کی سرزمین سے محبت کرتا ہوں اور مجھے ہندوستانی ہونے پر فخر ہے، اسی لیے میں نے اپنی سزا کاٹی۔‘

سنجے دت نے اس مشکل وقت میں ساتھ نبھانے پر اپنی اہلیہ مانیتا کی تعریف کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ میرا نصف بہتر نہیں، سب سے بہتر ہیں۔ میں نے جو کچھ جھیلا، میری بیوی نے اس سے کہیں زیادہ سہا ہے۔‘

اسی بارے میں