عامرخان گلوکار کشور کمار کے کردار میں؟

Image caption رائما کا خیال ہے کہ انھوں نے بالی وڈ میں ملنے والے مواقع گنوا دیے

ماضی کی اداکارہ سُچترا سین کی نواسی اور سین خاندان کی تیسری نسل کی اداکارہ رائما سین کا کہنا ہے کہ بالی وڈ ایک مشکل جگہ ہے اور یہاں خود کو ثابت کرنے کے لیے بہت محنت کرنی پڑتی ہے۔ عام طور پر فلمی خاندانوں میں بیٹوں کو ہیرو بنانے کی نسل در نسل روایت رہی ہے لیکن سین خاندان میں نسل در نسل اداکارائیں بالی وڈ میں آئی ہیں۔

رائما نے بی بی سی کے ساتھ بات کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ بالی وڈ میں اتنا کام نہیں کر پائیں جتنا ان کے خاندان سے توقع تھی۔

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

اپنے خاندان سے ملنے والی مدد پر رائما کہتی ہیں، وہ فلمی خاندان سے تھیں جس کی وجہ سے انھیں پہلا بریک آسانی سے ملا، لیکن وہ اس موقعے سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہیں۔

رائما جانتی ہیں کہ بالی وڈ میں بار بار موقعے نہیں ملتے۔ اس لیے رائما کو شاید اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ بالی وڈ میں فلمی خاندان سے ہونے کے سبب موقع پاکر گنوانے والوں کی کمی نہیں ہے کیونکہ بالی وڈ میں خاندان نہیں ٹیلنٹ چلتا ہے اور اس کی کئی مثالیں پہلے سے موجود ہیں۔

بھیڑ چال کا دور

تصویر کے کاپی رائٹ Prakash Jha Productions
Image caption پرکاش جھا راج نیتی کا سیکوئل بنانا چاہتے ہیں اور قطرینہ کیف کو اس میں رکھنا چاہتے ہیں

بالی ووڈ میں ایک بار پھر بھیڑ چال کا دور چل نکلا ہے اور مختلف فلمساز پرانی فلموں کا سیکوئل بنانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔

ان میں فلمسازوں میں پرکاش جھا کا نام بھی شامل ہے ۔ وہ اپنی کامیاب فلم ’راج نیتی‘ کا سیکوئل بنانا چاہتے ہیں۔

خیر پرکاش صاحب کی خواہش ہے کہ کترینہ کیف پہلی فلم کی طرح ان کی اس فلم کا بھی حصہ بنیں لیکن کترینہ اس کے لیے تیار ہوں گی یا نہیں اس کا انھیں یقین نہیں۔

ویسے پرکاش جھا یوں تودورِ حاضر کے سماجی اور سیاسی پہلوؤں پر عمدہ کمرشیل اور دستاویزی فلمیں بنانے کے لیے مشہور ہیں اور ایسے ہی سلسلے کی ایک کڑی راج نیتی کے بعد فلم ’آرکشن‘ بھی تھی اور اس کے لیے انھیں کئی ایوارڈز بھی ملے لیکن قطرینہ کیف کی ’ایکٹنگ‘ انھیں کس طرح ہضم ہوتی ہے یہ بات سمجھ سے باہر ہے۔

انوپم کھیر کے بیٹے سکندر کا ڈبل رول

تصویر کے کاپی رائٹ Walkwater Media
Image caption اس سے قبل والی فلم نے اچھی خاصی شہرت حاصل کی تھی

اس ہفتے ابھشیک شرما کی فلم ’تیرے بن لادن ڈیڈ اور الائیو‘ رلیز ہوئی فلم میں اداکار انوپم کھیر کے صاحبزادے سکندر کھیر بھی اہم کردار میں نظر آئے۔

فلم میں سکندر کا ڈبل رول ہے۔ فلم کے لیے سکندر کو نہ صرف اپنا سر منڈانہ پڑا بلکہ وزن بھی بڑھانے کے لیے کہا گیا۔

سکندر کا کہنا ہے کہ اس فلم میں انھوں نے اپنے اندر کے اداکار کو پہچانا اور وہ اپنی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔ اب سکندر صاحب سے کوئی پوچھے کہ بھائی اس سے پہلے آپ کو کون پہچانتا تھا۔

یہ درست ہے کہ آپ انوپم کھیر اور کرن کھیر کے صاحبزادے ہیں لیکن انڈسٹری میں اپنی خود کی پہچان اور ٹیلنٹ کو دریافت کرنے میں عرصہ لگ جاتا ہے۔

گلوکار کشور کمار کی زندگی پر فلم

Image caption عامر خان اب وزن کم کرنے کے لیے امریکہ میں ہیں

خبریں ہیں کہ سپر سٹار عامر خان جو اس وقت ہریانوی پہلوان مہاویر سنگھ پوگٹ کی بائیو پِک ’دنگل‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس فلم کے بعد بالی ووڈ گلوکار کشور کمار کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

عامر خان نے فلم دنگل کے لیے اپنا وزن 95 کلو تک بڑھایا تھا لیکن اب وہ وزن کم کرنے کے پروگرام پرامریکہ میں ہیں لیکن روانہ ہونے سے قبل فلمساز انوراگ باسو کے ساتھ ملاقات میں اس بارے میں عامر کی بات ہوئی ہے

اس سے پہلے اس فلم کے لیے رنبیر کپور کا نام تجویز کیا جا رہا تھا لیکن بات عامر پر ٹھہر گئی۔ دیکھتے ہیں کہ عامر اپنی منجھی ہوئی اداکاری سے کس طرح بالی ووڈ کے اس عظیم کردار کو زندہ کریں گے۔

اسی بارے میں