رولنگ سٹونز کا کیوبا میں مفت کانسرٹ

تصویر کے کاپی رائٹ Rolling Stones
Image caption رولنگ سٹونز ہوانا میں اپنے فن کا مظاہرہ امریکی صدر براک اوباما کے کیوبا کے تاریخی دورے کے محض تین روز بعد کریں گے

معروف برطانوی میوزیکل بینڈ ’رولنگ سٹونز‘ نے رواں ماہ کے آخر میں کیوبا میں ایک کانسرٹ کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں داخلہ مفت ہوگا۔

بینڈ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ 25 مارچ کو کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں ہونے والی تقریب ’کیوبا میں کھلے میدان میں کسی بھی برطانوی راک بینڈ کی پہلی پرفارمنس ہوگی۔‘

رولنگ سٹونز اس وقت لاطینی امریکہ کے دورے پر ہیں اور ان کا یہ دورہ 17 مارچ کو میکسیکو سٹی میں کانسرٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہو رہا ہے۔

رولنگ سٹونز ہوانا میں اپنے فن کا مظاہرہ امریکی صدر براک اوباما کے کیوبا کے تاریخی دورے کے محض تین روز بعد کریں گے۔

اپنے بیان میں رولنگ سٹونز نے کہا ہے کہ ’اپنے طویل کریئر میں ہم نے کئی خاص جگہوں پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے تاہم ہوانا ہمارے لیے بھی ایک تاریخی تقریب ہوگی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے کیوبا کے دوستوں کے لیے بھی یہ اتنا ہی خاص ہوگا۔‘

کیوبا میں انقلاب کے ذریعے فیدل کاسترو کے اقتدار میں آنے کے بعد 50 کی دہائی میں سیاسی وجوہات کی بنا پر ملک میں راک میوزک کا ارتقا رک گیا تھا۔

سنہ 2001 میں ’سٹریٹ پریچر‘ کیوبا میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والا سب سے بڑا برطانوی بینڈ بن کے سامنے آیا تھا۔

انھوں نے ہوانا کے کارل مارکس تھیٹر میں کیوبا کے صدر کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔

سٹونز کی جانب سے کیا جانے والا کیوبا کا دورہ فلم ڈائریکٹر پال ڈگ ڈیل فلمبند کریں گے جو اس سے قبل ون ڈائریکشن، اڈیل اور کولڈ پلے کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔