بوبی کرسٹینا کی موت نشے کی حالت میں ڈوبنے سے ہوئی

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کرسٹینا براؤن گذشتہ برس 31 جنوری کو باتھ ٹب میں بے ہوش پائی گئیں تھیں

طبی ریکارڈ کے مطابق معروف امریکی گلوکارہ وٹنی ہوسٹن کی بیٹی بوبی کرسٹینا براؤن کی موت منشیات کے استمعال کے بعد نشے کی حالت میں ڈوبنے سے ہوئی۔

22 سالہ بوبی کرسٹینا کا انتقال چھ ماہ تک کوما کی حالت میں رہنے کے بعد جولائی میں ہوا تھا۔

خیال رہے کہ کرسٹینا براؤن گذشتہ برس 31 جنوری کو باتھ ٹب میں بے ہوش پائی گئی تھیں اور اس کے بعد سے وہ طبی نگرانی میں کوما کی حالت میں تھیں۔ انھیں اس دوران کبھی ہوش نہیں آیا۔

خیال رہے کہ کرسٹینا براؤن وٹنی ہوسٹن اور آر اینڈ بی گلوکار بابی براؤن کی اکلوتی اولاد تھیں۔

وٹنی ہوسٹن بھی سنہ 2012 میں لاس اینجلس کے ایک ہوٹل کے غسل خانے میں مردہ پائی گئی تھیں۔

ان کی موت کے آٹھ ماہ بعد اٹلانٹا میں میڈیکل ایگزامینر کے دفتر سے پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

اٹلانٹا کے ایک جج نے جمعرات کو میڈیا کی درخواست پر اسے ظاہر کرنے کو کہا تھا۔

میڈیکل ایگزامینر کے دفتر نے بتایا ہے کہ کرسٹینا براؤن کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے طبی ریکارڈ، تفتیشی فائلوں اور دیگر دستاویزات کا بغور جائزہ لیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کرسٹینا اپنی والدہ وٹنی ہوسٹن کے ساتھ

جائزے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ بھنگ اور الکحل موت کی وجوہات میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بےچینی کو قابو کرنے کے لیے لی جانے والی دوائیں اور منشیات کا استعمال اور نشے کی حالت میں ڈوبنے کی وجہ بنیں۔

بیان کے مطابق ’یہ واضح ہے کہ موت قدرتی طور پر نہیں تھی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو پایا کہ یہ خودکشی تھی یا حادثاتاً ایسا ہوا۔ اس لیے موت کے محرکات غیر واضح ہیں۔‘

لاس اینجلس میں بی بی سی کے نمائندے ریگن مورس کے مطابق کرسٹینا براؤن اپنے ماں کے نقش قدم پر چلنا چاہتی تھیں اور انھوں نے ٹی وی کے لیے بعض چھوٹے موٹے کردار بھی کیے تھے، تاہم ابھی ان کا کریئر شروع نہیں ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق کرسٹینا براؤن اٹلانٹا کے ایک قصبے کے ایک گھر کے باتھ ٹب میں بے ہوش پائی گئی تھیں اور وہ منھ کے بل تھیں۔ وہ اس گھر میں نک گورڈن کے ساتھ رہتی تھیں جنھیں وہ اپنا شوہر کہتی تھیں۔ براؤن کو اس کے بعد وینٹیلیٹر کی مدد سے زندہ رکھا گیا۔

اسی بارے میں