بہرے پن کا خطرہ، اے سی/ ڈی سی کا دورہ ملتوی

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption 68 سالہ جانسن سنہ 1980 سے اے سی/ڈی سی کے مرکزی گلوکار ہیں

آسٹریلوی راک بینڈ اے سی/ڈی سی نے اپنےگلوکار برائن جانسن کے قوتِ سماعت سے محروم ہونے کے خدشے کی بنا پر امریکہ کے اپنے باقی ماندہ دورے کو ملتوی کر دیا ہے۔

بینڈ نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق ڈاکٹروں نے جانسن کو فوری طور پر یہ دورہ ختم کرنے کی ہدایت کی ہے بصورتِ دیگر ’اُن کی سماعت مکمل طور پر ختم ہونے کا خدشہ ہے۔‘

بینڈ کے ارکان نے امکان ظاہر کیا ہے کہ وہ رواں سال کے اواخر میں اپنے باقی رہ جانے والے پروگراموں میں ایک مہمان گلوکار کے ساتھ فن کا مظاہرہ کریں گے۔

68 سالہ جانسن سنہ 1980 سے اے سی/ڈی سی کے مرکزی گلوکار رہے ہیں۔

ان کی قوتِ سماعت میں خرابی کی خبر بینڈ کو پہنچنے والا تازہ ترین دھچکا ہے۔

اس سے پہلے بینڈ کے سابق ڈرمر فِل رُڈ کو گذشتہ برس اپنے پاس منشیات رکھنے اور قتل کی دھمکیاں دینے کے جُرم میں سزا دی گئی تھی۔ انھوں نے آٹھ ماہ تک گھر میں نظر بندی کا سامنا کیا تھا۔

سنہ 2014 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بینڈ کے بانی رُکن اور گٹار نواز میلکم ینگ ڈیمنشیا یا دماغ میں خلل کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث دوروں کے دوران بینڈ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

بینڈ نے اُسی سال کے نومبر میں اپنی تازہ ترین میوزک البم راک اور بسٹ جاری کی تھی اور اس کے بعد سے اسے فروغ دینے کے لیے دورے کیے تھے۔