’گھبراہٹ میں سارے ناخن ہی کھا لیے‘

Image caption عالیہ بھٹ کہتی ہیں: ’بالی وڈ تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے، اب انڈسٹری میں مرد غالب نہیں ہیں‘

بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے پر بنائے گئے لطیفوں پر قہقہہ مار کر ہنستی ہیں۔

فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی عالیہ بھٹ کا اکثر سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹوں پر مذاق اڑایا جاتا ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ ’مجھ پر بننے والے لطیفوں پر میں قہقہے مار کے ہنستی ہوں۔ میں اصل زندگی میں بہت جذباتی ہوں۔ تھوڑی موڈی اور ٹیڑھي لڑکی ہوں۔ یہاں تک کی مجھے رونا بھی جلدی آ جاتا ہے۔‘

اپنی اگلی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کی تشہیری مہم کے دوران بی بی سی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عالیہ بھٹ نے کہا کہ ’میں اکثر مسکراتی اور مستی کرتی نظر آتی ہوں، لیکن اصل زندگی میں میں بہت جذباتی ہوں۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’میں اپنے جذبات کو بند کمرے میں چلا کر اور رو کر نکالتی ہوں۔ یہاں تک کہ خوش ہونے پر بھی روتی ہوں۔‘

بالی وڈ میں زیادہ تر اداکاراؤں کا خیال ہے کہ فلم انڈسٹری میں مردوں کا غلبہ ہے، لیکن عالیہ بھٹ اس بات سے اتفاق نہیں کرتیں۔

وہ کہتی ہیں: ’بالی وڈ تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے، اب انڈسٹری میں مرد غالب نہیں ہیں۔ پہلے لوگوں کا خیال تھا کہ ہیرو ہی فلم کو کامیاب کروا سکتا ہے جبکہ یہ ایک فرضی خیال ہے، جو اب ٹوٹ رہا ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ’کپور اینڈ سنز‘ میں عالیہ بھٹ کے علاوہ سدھارتھ ملہوترا، فواد خان، رشی کپور بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں

عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ کہ فلم ’ایئرلفٹ‘ میں اکشے کمار اہم کردار ادا کر رہے تھے، وہیں دوسری فلم ’نیرجا‘ میں سونم کپور مرکزی کردار میں تھیں۔ یہ دونوں فلمیں کامیاب رہیں۔

ان دنوں عالیہ بھٹ ’انگلش ونگلش‘ جیسی فلم بنانے والی ہدایت کارہ گوری شندے کی فلم میں کام کر رہی ہیں۔ اس میں وہ شاہ رخ خان کے ساتھ نظر آئیں گی۔

شاہ رخ خان کے ساتھ کام کے تجربے کے بارے میں وہ کہتی ہیں کہ ’شروع میں تو میں نے گھبراہٹ میں سارے ناخن ہی کھا لیے تھے، لیکن ان کے ساتھ تھوڑا وقت صرف کرنے کے بعد میں نے ان کی مداح ہو گئی۔‘

عالیہ بھٹ شاہ رخ کے بارے میں کہتی ہیں کہ وہ بہت کام کرتے ہیں اور کام کرتے وقت دن اور رات نہیں دیکھتے۔

کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بنائی گئی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کے ہدایت شگن بترا ہیں جبکہ فلم میں عالیہ بھٹ کے علاوہ سدھارتھ ملہوترا، فواد خان، رشی کپور بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔