انڈیانا جونز سیریز کی نئی فلم کی تیاری

تصویر کے کاپی رائٹ Lucas Film and Paramount Pictures
Image caption انڈیانا جونز کی آخری فلم ’کنگڈم آف دی کرسٹل سکل‘ سنہ 2008 میں ریلیز کی گئی تھی

فلم ساز کمپنی والٹ ڈزنی نے اعلان کیا ہے کہ ہالی وڈ اداکار ہیریسن فورڈ اور فلم ساز و ہدایت کار سٹیون سپیل برگ انڈیانا جونز سیریز کی نئی فلم کی تیاری کر رہے ہیں۔

اس سیریز کی پانچویں فلم جولائی 2019 میں ریلیز کی جائے گی۔

انڈیانا جونز سیریز کی نئی فلم کا تاحال نام تجویز نہیں کیا گیا۔ اس سیریز کی یہ فلم تقریباً 11 سال کے وقفے کے بعد نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

انڈیانا جونز کی آخری فلم ’کنگڈم آف دی کرسٹل سکل‘ سنہ 2008 میں ریلیز کی گئی تھی۔

ہیریسن فورڈ اور سپیل برگ نے پہلی مرتبہ سنہ 1981 میں انڈیانا جونز کی فلم ’رائیڈرز آف دی لوسٹ‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

اس فلم میں آثارقدیمہ کے ماہر انڈیانا جونز تابوتِ عہد کی تلاش میں دنیا بھر میں گھومتے ہیں اور نازیوں کی گرفت میں آجاتے ہیں۔

اس کے تین سال بعد ’انڈیانا جونز اینڈ دی ٹیمپل آف ڈوم‘ ریلیز ہوئی اور اس کے بعد سنہ 1989 میں ’انڈیانا جونز اینڈ دی لاسٹ کروسیڈ‘ سینیما گھروں کی زینت بنی۔

تصویر کے کاپی رائٹ LucasFilm Ltd
Image caption انڈیانا جونز سیریز کی چار فلموں نے اب تک باکس آفس پر تقریباً دو ارب ڈالر کا کاروبار کیا ہے

ہیریسن فورڈ سٹار وارز فلم سیریز میں ہان سولو کے کردار کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں اور انڈیانا جونز کی اگلی فلم کی ریلیز کے وقت ان کی عمر 77 سال ہوچکی ہوگی۔

والٹ ڈزنی سٹیوڈیوز کے چیئرمین ایلن ہورن کا کہنا ہے: ’انڈیانا جونز سینیما کی تاریخ کے عظیم ترین ہیروؤں میں سے ایک ہے، اور اب سنہ 2019 میں انھیں سکرین پر واپس لانے کا انتظار نہیں کر سکتے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہدایت کاروں، پروڈیوسروں، اداکار اور کردار کا ایسا بہترین کمبینیشن بہت کم دیکھا گیا ہے اور ہم ہیریسن اور سٹیون کی مہم کے آغاز کے حوالے سے اس سے زیادہ پرجوش نہیں ہوسکتے۔‘

انڈیانا جونز سیریز کی چار فلموں نے اب تک باکس آفس پر تقریباً دو ارب ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔

اس سیریز کی نئی فلم کیتھلین کینیڈی اور فرنک مارشل پروڈیوس کریں گے۔

اسی بارے میں