کنگنا راناوت لگاتار دوسری بار بہترین اداکارہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کنگنا راناوت کو کوئن کے بعد اب تنو ویڈز منو ریٹرنز کے لیے بہترین اداکارہ قرار دیا گیا ہے

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کنگنا راناوت کو لگاتار دوسری بار بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے لیکن ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی چاہتے تھے کہ یہ ایوارڈ دیپکا یا پرینکا کو ملتا۔

گذشتہ دنوں 63 ویں قومی فلم ایوارڈز کا اعلان کرتے ہوئے فلم ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ کے لیے کنگنا کو بہترین اداکارہ کے انعام کا مستحق قرار دیا گيا۔

یہ ایوارڈ تین مئی کو ایک تقریب کے دوران پیش کیا جائے گا جسے روایتی طور پر صدر جمہوریہ کے ہاتھوں پیش کیا جاتا ہے۔

اس سے قبل گذشتہ سال اداکارہ کنگنا کو فلم ’کوئن‘ کے لیے بہترین اداکارہ قرار دیا گیا تھا۔

کنگنا راناوت نے اپنے نام کے اعلان پر ’خوش اور پرجوش‘ ہونے کی بات کہی۔

Image caption کنگنا نے ایوارڈ کے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’یہ میرا بہترین برتھ ڈے تحفہ ہے جو مجھے مل سکتا تھا۔ میں بہت خوش ہوں اور خود کو خوش قست محسوس کرتی ہوں۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’میں بطور خاص اس لیے بھی پرجوش ہوں کہ میرے ساتھ بہترین اداکار کا ایوارڈ امیتابھ بچن کو دیا گیا ہے۔‘

تاہم اطلاعات کے مطابق انھوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ قومی فلم ایوراڈ کا اعلان ٹی وی پر ہوتا ہے اور اس کے لیے پہلے سے کوئی اطلاع نہیں ہوتی ہے اس لیے پہلے سے کچھ سوچنا بھی مشکل ہوتا ہے۔

امیتابھ بچن کو بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم ’پیکو‘ کے لیے دیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption دیپیکا کو فلم پیکو اور باجی راؤ مستانی دونوں کے لیے دوسرے ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کے ایوارڈز مل چکے ہیں

فلم ’پیکو‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ کو بہت سارے ایوارڈز کا حقدار قرار دیا گیا اور ان میں قدر مشترک اداکارہ دیپکا پاڈوکون ہیں۔

اطلاعات کے مطابق انھیں دونوں میں سے کسی بھی فلم کے لیے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کی امید تھی لیکن بازی کنگنا راناوت کے ہاتھ رہی۔

قومی ایوارڈ میں بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ حاصل کرنے والے سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ کی اداکارہ نمایاں اداکارہ ہیں لیکن وہ چاہتے تھے کہ یہ ایوارڈ دیپکا کو باجی راؤ مستانی کے لیے ملتا۔

’کنگنا ممتاز اداکارہ ہیں لیکن میں دل کی گہرائیوں سے یہ چاہتا تھا کہ دیپکایا، پرینکا یہ ایوارڈ جیتتیں۔ دیپکا نے فن کا شاندار مظاہرہ کیا تھا اور پرینکا بھی خوب تھیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سنجے لیلا بھنسالی چاہتے تھے کہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیپکا یا پرینکا کو جاتا

اس سے قبل اپسرا فلم پروڈیوسرز گلڈ ایوراڈ اور فلم فیئر ایوارڈز میں دیپکا کو فلم ’پیکو‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گيا تھا۔

دیپکا پاڈوکون ان دنوں ایک ہالی وڈ فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ کنگنا فلم ’رنگون‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ شاہد کپور اور سیف علی خان ہیں۔

اسی بارے میں