دلیپ کمار کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

Image caption دلیپ کمار کو ’ٹریجڈی کنگ‘ اور ’شہنشاہ جذبات‘ جیسے القاب سے یاد کیا جاتا ہے

انڈین سنیما کے معروف اداکار دلیپ کمار کی طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ممبئی میں صحافی مدھو پال کے مطابق دلیپ کمار اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کے مینجر مرشد نے بتایا کہ دلیپ کمارسنیچر کو ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

مینجر مرشد کے مطابق دلیپ کمار کو ہلکا بخار ہے اور سانس لینے میں دقت ہو رہی تھی۔

ان کے مطابق دلیپ کمار ابھی دو تین دن کے لیے ہسپتال میں رہیں گے اور وہ عام وارڈ میں داخل ہیں۔

93 سالہ دلیپ کمار نے سنہ 1944 میں فلم ’جوار بھاٹا‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ ان کا فلمی کریئر چھ دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ہے لیکن انھوں نے اس دوران 60 سے کچھ زیادہ فلمیں ہی کیں۔

انھیں ’ٹریجڈی کنگ‘ اور ’شہنشاہ جذبات‘ جیسے القاب سے یاد کیا جاتا ہے۔

انھوں نے اپنے پہلے دور میں انداز، دیدار، دیوداس، آزاد، مغل اعظم، کوہ نور، گنگا جمنا، رام اور شیام، نیا دور، آن، داستان، دل دیا درد لیا، بیراگ، گوپی جیسی فلمیں کیں اور پھر اپنے دوسرے دور میں کرانتی، شکتی، ودھاتا، مزدور، مشعل، دنیا، کرما اور سوداگر جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

گذشتہ سال انڈین حکومت نے انھیں ان کے گھر پر ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہری اعزاز ’پدم وبھوشن‘ سے نوازا تھا۔

اسی بارے میں