سلمان کے اولمپک سفیر بننے پر تنازع برقرار

تصویر کے کاپی رائٹ COLORS PR
Image caption اداکار سلمان خان کی حمایت میں کرن کھیر، کرن جوہر اور ملائکہ اروڑا اتریں

بالی وڈ اداکار سلمان خان کو ریو اولمپکس کے لیے انڈیا کا خیر سگالی سفیر بنائے جانے پر تنازع جاری ہے۔

جہاں کھیل کی دنیا کی بعض اہم شخصیات نے اس فیصلے پر تنقید کی، وہیں بالی وڈ سے کئی لوگ سلمان کی حمایت میں بھی سامنے آئے ہیں۔

معروف ایتھلیٹ ملکھا سنگھ نے سخت الفاظ میں اپنی ناراضی ظاہر کی ہے، جب کہ اداکارہ اور بی جے پی کی طرف سے رکن پارلیمان کرن کھیر اور فلم ساز و ہدایت کار کرن جوہر نے سلمان خان کو سفیر بنانے کی حمایت کی ہے۔

ایک شو میں کرن کھیر نے کہا: ’جب سلمان خان جیسے کسی انسان کا انتخاب ہوتا ہے تو کئی بزنس ہاؤسز اُسے پہلے سے جانتے ہیں۔ ہمارے یہاں کرکٹ کے علاوہ کئی کھیل ہیں جنھیں کوچنگ اور دوسری چیزوں کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے۔‘

انھوں نے کہا: ’حکومت ایک حد تک ہی چیزیں کر سکتی ہے۔ اگر سلمان ان کھیلوں میں مزید سہولتیں لاتے ہیں تو یہ کھلاڑیوں کے لیے اچھی بات ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ IOA
Image caption گذشتہ دنوں سلمان خان کو ریو اولمپکس کے لیے گُڈ ول ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے

بعض کھلاڑیوں نے تفریح کی دنیا کے بارے میں جو کہا اس سے ناراض کرن کھیر نے کہا: ’مجھے بہت برا لگا جب کسی نے کہا کہ فلمی دنیا کے لوگ خوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں، اور کھلاڑی حقیقت میں رہتے ہیں۔ میں کہنا چاہوں گی کہ ہم بھی حقیقت کی دنیا میں ہی رہتے ہیں۔ جیسی محنت ہم لوگ کرتے ہیں ویسی کم ہی اور لوگ کرتے ہوں گے۔‘

کرن کھیر نے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ ’وہ اپنا دل بڑا کریں اور سلمان خان کی عزت کریں‘ کیونکہ ’سلمان خان میں کچھ تو بات ہے جو دوسروں کو تحریک دیتی ہے۔‘

جبکہ کرن جوہر نے کہا: ’سلمان خان نے بہت بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کا برانڈ کھیلوں کو فروغ دے سکتا ہے۔ وہ بڑے فلم اداکار ہیں۔ وہ جو کرتے ہیں لوگ اسے دیکھتے ہیں۔‘

Image caption معروف ایتھلیٹ ملکھا سنگھ نے اس فیصلے پر تنقید کی ہے

دوسری جانب سلمان خان کے بھائی کی اہلیہ ملائکہ اروڑا خان بھی سلمان خان کی حمایت میں آگے آئی ہیں۔

انھوں نے کہا: ’آج سلمان جو بھی ہیں، اس کا ایک مقصد ہے۔ ان کا انتخاب ایک مقصد کے لیے ہوا ہے۔ انھیں منتخب کرنے والے جانتے ہیں کہ سلمان کیا کر سکتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ ملکھا سنگھ وغیرہ کے اعتراض کے بعد فٹبال کے اہم کھلاڑی بیچونگ بھوٹیا نے کہا ہے کہ سلمان خان کے سفیر بنائے جانے میں کوئی برائی نہیں ہے۔

اسی بارے میں