پیلمائرا کے کھنڈرات میں میوزیکل کنسرٹ

شام کے قدیم شہر پیلمائرا کے کھنڈرات میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ سے قبضہ واپس حاصل کرنے کا جشن منانے کے لیے روسی موسیقار ایک کنسرٹ کا اہتمام کر رہے ہیں۔

یہ کنسرٹ شامی شہر پیلمائرا کے رومن تھیئٹر میں ہو رہا ہے جہاں روسی موسیقار والیری جیرجیو اپنے آرکیسٹرا کے ساتھ پرفارم کریں گے جہاں زیادہ تعداد روسی حاضرین کی ہوگی۔

رومن تھیئٹر میں سٹیج پر شام کے نوادرات کے سابق ڈائریکٹر کی تصویر بھی لگائی گئی ہے۔گذشتہ سال دولت اسلامیہ نے ان کا سر قلم کر دیا تھا۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ روس یہ بتانے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ شام میں امن اور استحکام لانے کے لیے مدد کر رہا ہے۔ تاہم اس پر اس کنسرٹ کو ایک روسی تقریب بنانے پر تنقید بھی ہو سکتی ہے۔

والیری جیرجیو روسی صدر ولادی میر پوتن کے حمایتیوں میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ سینٹ پیٹرزبرگ میں میرنکسی تھیئٹر کے آرٹسٹک ڈائریکٹر ہیں اور لندن سمفنی آرکیسٹرا کے سابق پرنسپل کنڈکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ شامی فورسز نے روسی فضائی حملوں کی مدد سے پیلمائرا پر مارچ میں دولت اسلامیہ سے دوبارہ قبضہ حاصل کیا گیا تھا۔

اسی بارے میں