کس کی عید، کس کی دیوالی اور کس کا کرسمس؟

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بڑے تہواروں پر فلموں کی رلیز کی بات کی جائے تو عید سلمان کی ہوتی ہے تو دیوالی شاہ رخ کی اور کرسمس پر عامر کا قبضہ ہے

کچھ عرصے سے سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ اور شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ کے ایک ساتھ عید پر ریلیز ہونے کی خبروں پر میڈیا میں طرح طرح کی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں۔

کوئی اسے دو اہم خانوں کی ٹکر بتا رہا تھا تو کوئی کرن ارجن کا مِلاپ اور دونوں خان بھی اس خبر کی نہ تو تردید کر رہے تھے اور نہ تصدیق۔ لیکن آخر کار اب یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ فلم ’رئیس‘ عید پر نہیں بلکہ جنوری میں ریلیز ہوگی۔

٭ بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

فلم کے پروڈیوسر فرحان اختر اور رتیش سدوانی نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے اس بات کی تصدیق کی ہے۔

چلیں اچھا ہوا کہ عید کے موقعے پر سلطان کے اکھاڑے میں رئیس کے ساتھ دنگل ہوتے ہوتے رہ گیا ورنہ کیا پتہ دونوں کی دشمنی میں بدلتی دوستی کیا رنگ دکھاتی؟

ویسے بالی ووڈ میں اگر بڑے تہواروں پر فلموں کی ریلیز کی بات کی جائے تو عید سلمان کی ہوتی ہے تو دیوالی شاہ رخ کی اور کرسمس پر عامر کا قبضہ ہے۔

اب باقی ہیروز اپنی فلمیں لیکر کہاں جائیں؟

قطرینہ کے ڈیٹس کی ڈائری بھر چکی ہے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption قطرینہ کیف کو فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کے لیے آفر ہے جس میں سلمان خان بھی ہیں

قطرینہ کیف نے رنبیر کپور کو تو ڈیٹ کرنا بند کر دیا لیکن فلموں کے لیے ان کی ڈیٹس کی ڈائری اب پوری طرح بھر چکی ہے۔

اطلاعات کے مطابق قطرینہ کے پاس فلموں کے بے شمار آفرز آرہے ہیں۔ان آفرز میں بجرنگی بھائی جان بنانے والے کبیر خان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ بھی شامل ہے جس میں سلمان خان ہیں۔

اس کے علاوہ آنند لال رائے، اور راج کمار سنتوشی بھی قطرینہ کے ساتھ فلم بنانے کی پیشکش کر رہے ہیں۔ 32 سالہ اداکارہ فتور فلم کے بعد زیادہ ہی مصروف نظر آ رہی ہیں۔

لگتا ہے رنبیر کے ساتھ ’علیحدگی‘ انھیں کچھ زیادہ ہی راس آرہی ہے۔

پرینکا چوپڑہ کی بہن کی ایکسپرٹ رائے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پرینکا چوپڑہ کی کزن کی ابھی ایک فلم ریلیز ہوئي ہے

پرینکا چوپڑہ کی کزن میرا چوپڑہ بالی ووڈ میں نئی ہیں۔ یوں تو میرا نے فلم ’گینگ آف گھوسٹ‘ سے ہندی فلموں میں قدم رکھا تھا لیکن اس فلم کا حال کچھ اچھا نہیں رہا اور اب ان کی فلم ’لندن 1920‘ رلیز ہوئی ہے۔

لیکن انڈسٹری پر اپنی ایکسپرٹ رائے انھوں نے ابھی سے ظاہر کرنی شروع کر دی ہے۔ میرا کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں ہر کوئی آپ کو تنقیدی نگاہوں سے دیکھتا ہے اورلوگ پیٹھ پیچھے باتیں بناتے ہیں لوگ سامنے کچھ اور ہوتے ہیں اور پیچھے کچھ اور، اس لیے آپ کو محتاط رہنا پڑتا ہے۔

ویسے میرا کو کوئی سمجھائے کہ انھیں واقعی محتاط رہنے کی ضرورت ہے؟ وہ حال ہی میں انڈسٹری میں شامل ہوئی ہیں اور دوسرے وہ بھی تو اب اسی انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ میڈم اس حمام میں سبھی ننگے ہیں۔

آدتیہ پنچولی کی رنگین مزاجی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption زرینہ وہاب کا کہنا ہے کہ انھیں اپنے بچوں سے بے حد پیار ہے

بالی ووڈ میں افواہوں اور قیاس آرائیوں کا بازار ہمیشہ ہی گرم رہتا ہے اب نئی افواہ یہ ہے کہ اداکارہ زرینہ وہاب نے اپنے شوہر ادتیہ پنچولی کا گھر چھوڑ دیا ہے لیکن جب میڈیا نے زرینہ سے اس بات کی تصدیق چاہی تو وہ حیران رہ گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی خبریں آتی کہاں سے ہیں وہ اپنی 29 سال پرانی شادی کو ختم کیوں کریں گی؟

زرینہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر اور بچوں سورج اور ثنا سے بہت پیار کرتی ہیں اور ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتیں۔ اس خبر میں سب سے دلچسپ بات یہ سامنے آئی کہ زرینہ ’کینڈی کرش‘ گیم کی شوقین ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ جب سے رتک روشن اور کنگنا رناوت کے جھگڑے کی خبریں آنی شروع ہوئی ہیں وہ ان میں الجھ کر کینڈی کرش ہی کھیلنا بھول گئی ہیں۔

ویسے کنگنا کے نام سے زرینہ وہاب کو اور بھی بہت کچھ یاد آتا ہوگا کیونکہ کنگنا ان کے شوہر ادتیہ پنچولی کے بھی کافی نزدیک رہ چکی ہیں۔اب ادتیہ پنچولی کی رنگین مزاجی سے کون واقف نہیں!

اسی بارے میں