’سٹار کڈز کے لیے بالی وڈ فیملی بزنس ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption پراچی دیسائی نے منا بھائی ایم بی بی ایس میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے

فلم ’راک آن‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کرنے والی اداکارہ پراچی دیسائی کہتی ہیں کہ فلمی خاندان سے آنے والے نئے اداکاروں کے لیے بالی وڈ خاندانی کاروبار ہے۔

ٹیلی ویژن کے میدان سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ نے مزید کہا کہ ان جیسے باہر سے آنے والے لوگوں کے لیے بالی وڈ محض ایک موقع ہے۔

بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں پراچی دیسائی نے کہا: ’ان دنوں بہت سے نئے اداکار فلم انڈسٹری میں آ رہے ہیں جن میں سے بعض کا یہ خاندانی کاروبار ہے اور ان کے لیے بہت سے فلمی پراجیکٹس اس طرح تیار کیے جاتے ہیں جیسے پریوں کی کہانی ہو۔ اور ہم جیسے فلمی دنیا کے باہر کے لوگ اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ ہمارے لیے یہاں آنا صرف ایک موقع ہے۔‘

اپنی زیادہ تر فلموں میں سنجیدہ کردار نبھانے والی پراچی اب ایسے کرداروں سے بور گئی ہیں۔ وہ کہتی ہیں: ’میں اپنی شبیہ سے پریشان ہوں۔ اگر فلم کے کسی کردار میں آپ کو سراہا جائے تو فلم انڈسٹری اسی کردار کو بار بار دہرا کر اس کا استحصال کرتی ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption پراچی فلموں میں اپنی مخصوص سنجیدہ شبیہ سے بہت خوش نہیں ہیں

انھوں نے کہا کہ ’مخصوص شبیہ کے شکار میرے علاوہ ودیا بالن اور شاہ رخ خان بھی ہیں۔‘

پراچی دیسائی نے ہالی وڈ کے بارے میں کہا کہ ’فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ یہیں پر تیر مار لیں۔ ہالی وڈ جتنا آسان نظر آتا ہے اتنا آسان ہے نہیں۔ قسمت اور سمارٹنس کی بات ہے۔‘

پراچی دیسائی اب اپنا پسند کا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ فلم ساز انھیں نئی نسل کے فنکاروں جیسے رنبیر کپور اور آدتیہ رائے کپور کے ساتھ ان کی فلمی جوڑی بنائیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Raindrop Media
Image caption پراچی نے فلم اظہر میں پہلی اہلیہ نورین کا کردار ادا کیا ہے

انڈیا کے سابق کرکٹ کپتان محمد اظہر الدین کی زندگی پر مبنی فلم ’اظہر‘ میں پراچی دیسائی نے ان کی پہلی بیوی ’نورين‘ کا کردار ادا کیا ہے۔ اس کردار کے بارے میں پراچی نے کہا: ’سنگیتا بجلاني کا کردار کوئی بھی کر سکتا تھا۔ لیکن نورين کا کردار صرف میں ہی کر سکتی تھی۔‘

ٹونی ڈیسوزا کی ہدایت میں بننے والی فلم ’اظہر‘ میں محمد اظہر الدین کا کردار عمران ہاشمی ادا کر رہے ہیں جبکہ سنگیتا بجلاني کے کردار میں نرگس فخری ہیں۔

فلم ’اظہر‘ 13 مئی کو ریلیز ہوگی۔

اسی بارے میں