شیا لابیوف جان مکینرو کے کردار میں

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption لابیوف کو جب تک اس کردار کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا اس وقت تک انہیں ٹینس میں ذرا سی بھی دلچسپی نہیں تھی لیکن اب انہوں نے اس بارے میں سیکھنا شروع کر دیا ہے

امریکہ کے تند مزاج ٹینس کھلاڑی جان مکینرو اور ان کے سویڈش حریف سٹار بیون بورگ پر بننے والی فلم میں مکینرو کا کردار اداکار شیا لابیوف ادا کریں گے۔

اتوار کو فرانس میں کانز فلم فیسٹیول کے موقع پر فلم کے پروڈیوسرز نے کہا ہے کہ فلم ’بورگ/میکنرو‘ 70 اور 80 کے عشرے کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ٹینس کورٹ اور اس کے باہر برپا زبردست لڑائی پر مبنی ہوگی۔

جان مکینرو نے اپنے زبردست جارحانہ رویے سے ٹینس کے کھیل کو نئی جہتیں بخشیں اور وہ میدان پر ایک راک سٹار جیسا ماحول پیدا کر تے تھے۔

کانز فلم فیسٹیول میں صحافیوں سے بات چیت میں لابیوف نے اس بات کا اعتراف کیا کہ جب تک انہیں اس کردار کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا اس وقت تک انھیں ٹینس میں ذرا سی بھی دلچسپی نہیں تھی لیکن اب انہوں نے اس بارے میں سیکھنا شروع کر دیا ہے۔

Image caption جان مکینرو نے اپنے زبردست جارحانہ رویے سے ٹینس کے کھیل کو نئی جہتیں بخشیں

انھوں نے مزید کہا کہ وہ لیفٹی نہیں ہیں جبکہ جان مکینرو بائیں ہاتھ سے کھیلتے تھے۔

تاہم لابیوف کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پیار اور نفرت کا جو رشتہ تھا وہ انہیں بہت پسند ہے۔

’ان دونوں میں کافی کچھ چلتا رہتا تھا۔‘

انھوں نے کہا: ’تقریباً 30 ہزار لوگ سٹیڈیم میں اور لاکھوں انہیں ٹی وی پر دیکھ رہے ہوتے تھے، اور بس یہ دو افراد۔ اس میں کچھ تو رومانٹک تھا۔‘

Image caption بیون بورگ کا کردار آئس لینڈ سے تعلق رکھنے والے اداکار سویرر گڈنیسن ادا کر رہے ہیں۔

اس فلم میں بیون بورگ کا کردار آئس لینڈ سے تعلق رکھنے والے اداکار سویرر گڈنیسن ادا کر رہے ہیں۔

اپنے دور کے دو معروف ٹینس کھلاڑیوں کی زندگی پر مبنی یہ فلم موسم بہار میں سويڈن، لندن، موناکو اور نیویارک میں فلمبند کی جائےگی۔

اسی بارے میں