برطانوی ہدایت کار نے پالما ڈور ایوارڈ جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ہمیں امید کا پیغام دینا چاہیے، ہمیں لازمی طور پر یہ کہنا چاہیے کہ ایک اور دنیا بھی ممکن ہے: کین لوچ

برطانوی ہدایت کار کین لوچ کی فلم ’آئی، ڈینیئل بلیک‘ نے کانز فلمی میلے میں پالما ڈور ایوارڈ جیت لیا ہے۔

یہ 79 سالہ فلم ساز کا کانز فلمی میلے میں دوسرا ایوارڈ ہے۔

اس سے قبل انھوں نے 2006 میں اپنی فلم ’دا ونڈ دیٹ شیکس دا بارلی‘ پر یہ اعزاز جیتا تھا۔

ان کی فلم میں برطانوی شہر نیو کاسل میں رہنے والے ایک شخص کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اس کی زندگی پر سماجی بہبود کے نظام کے اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

لوچ نے انعام وصول کرتے ہوئے کہا: ’ہمیں امید کا پیغام دینا چاہیے، ہمیں لازمی طور پر یہ کہنا چاہیے کہ ایک اور دنیا بھی ممکن ہے۔‘

ایرانی ہدایت کار اصغر فرہادی کی فلم ’فروشندہ‘ نے 69 کانز میلے میں دو اعزازات حاصل کیے۔

اس فلم کو بہترین سکرین پلے اور سہراب حسینی کے لیے بہترین اداکار کا اعزاز دیا گیا۔

گراں پری اعزاز ’اٹس جسٹ دی اینڈ اور دا ورلڈ‘ کو ملا،جس کے ہدایت کار زیویئر ڈولن تھے۔

اسی بارے میں