جانی ڈیپ اور ایمبر ہرڈ میں علیحدگی

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption عدالتی دستاویزات کے مطابق ایمبر ہرڈ نے بتایا ہے کہ ان کی جانی ڈیپ سے علیحدگی اتوار کو ہو گئی تھی

امریکی عدالتی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ فلم سٹار جانی ڈیپ اور ان کی اہلیہ اداکارہ ایمبر ہرڈ کے درمیان علیحدگی ہو گئی ہے۔

اداکارہ ایمبر ہرڈ نے لاس اینجلس کی ایک عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کی ہے جس کی وجہ انھوں نے ناقابل مصالحت اختلافات بتائی ہے۔

جانی ڈیپ اور ایمبر ہرڈ کی شادی 15 ماہ قبل ہوئی تھی اور ان کا کوئی بچہ نہیں ہے۔

٭ جانی ڈیپ کی بیوی پر کتے سمگل کرنے کا الزام

دونوں کے درمیان حال ہی میں آسٹریلیا میں ایک قانونی کارروائی کے بعد اختلافات پیدا ہو گئے تھے جب ایمبر ہرڈ اپنے ساتھ دو کتوں کو غیر قانونی طور پر آسٹریلیا لے گئی تھیں۔ اپریل میں ایمبر پر جعلی دستاویزات استعمال کرنے کا جرم ثابت ہوا تھا۔

جانی ڈیپ اور ہرڈ کے درمیان پہلی ملاقات سنہ 2011 میں بننے والی فلم رم ڈائری کی فلم بندی کے دوران ہوئی تھی۔

مشہور شخصیات کی خبروں کی ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کے مطابق جانی ڈیپ نے جج سے کہا ہے کہ وہ ایمبر ہرڈ کے نان نفقے کے دعوے کو مسترد کر دیں۔

گذشتہ ہفتے جانی ڈیپ کی والدہ فوت ہو گئی تھیں۔

گذشتہ سال آسٹریلیا میں ایمبر ہرڈ کے خلاف اس وقت مقدمہ شروع ہوا تھا جب وہ دو کتوں کو لے کر آسٹریلیا پہنچ گئیں جہاں جانی ڈیپ ’پائریٹس آف دا کیریبیئن سیریز‘ کی نئی فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے۔

بعد میں دونوں کی جانب سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں انھوں نے معذرت کرتے ہوئے آسٹریلیا کا سفر کرنے والے افراد سے کہا کہ وہ آسٹریلیا کے قانون کا احترام کریں۔

اسی بارے میں