سونو نگم کا انوکھا تجربہ، ابھیشیک کی نادانی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سونو نگم بالی وڈ کے معروف پلے بیک سنگر ہیں

گلوکار سونو نگم کا یوں تو بالی وڈ میں اول نمبر کے پلے بیک سنگرز میں شمار ہوتا ہے لیکن موسیقی اور اپنے فن کو نئی بلندیوں پر پہنچانے اور نئے نئے تجربے کرنا ان کے مزاج میں شامل ہے۔

٭ بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

حال ہی میں سونو نگم نے ایک بہت ہی انوکھا تجربہ کیا۔ انھوں نے بھیس بدل کر ممبئی کی سڑکوں پر بھکاری بن کر گانے گائے اور اس طرح سڑکوں پر گاتے ہوئے ان کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوا۔

سونو کا خیال ہے کہ لوگوں کے درمیان جاکر ہی معاشرے کی حقیقی تصویر دیکھی جا سکتی ہے۔ وہ اپنے اس تجربے کو زندگی کے سبق کے طور پر دیکھتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ YouTube
Image caption فقیر کے بھیس میں سونو نگم نے کئی جگہ گيت گائے

سونو نگم کہتے ہیں کہ کڑی دھوپ اور دھول مٹی کے درمیان گانا بہت مشکل ہے۔

سونو نگم کی ہمت کی داد دینی پڑے گی، اس لیے نہیں کہ انھوں نے بھکاری کے بھیس میں سڑکوں پر گانا گایا بلکہ اس لیے کہ اب وہ ملک کے سیاسی رہنماوں اور بڑے بڑے حکام کو یہ مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ بھی انھیں کی طرح بھیس بدل کر عام لوگوں کے درمیان جائیں اور ان کے مسائل سمجھیں۔

سونو جی شاید آپ کی یہ خواہش یا یوں کہا جائے خواب شاید ہی شرمندہ تعبیر ہو۔

جیکلن فرنانڈیز کی تعریف

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جیکلین سلمان خان کے ساتھ فلم کک میں تھیں

اداکارہ جیکلن فرنانڈیز کا خیال ہے کہ اکشے کمار بالی وڈ کے بہترین اداکار ہیں اور جیکلن چاہتی ہیں کہ انھیں بیسٹ ایکٹر کا ایوارڈ ملے کیونکہ وہ اس قابل ہیں اور اس کے حق دار ہیں۔

دراصل جیکلن فلم ’ہاؤس فل تھری‘ میں اکشے کے ساتھ نظر آئیں گی۔

اکشے کمار اپنے کریئر میں بہت سی سپر ہٹ فلمیں کر چکے ہیں اور انھیں مختلف رولز نبھانے کے لیے ایوارڈز بھی دیے جا چکے ہیں۔ لیکن انھیں ابھی تک فلم فیئیر میں بیسٹ ایکٹر ایوارڈ نہیں مِلا ہے۔

جیکلن بہت پروفیشنل ہیں اور جس ہیرو کے ساتھ کام کرتی ہیں اسی کو انڈسٹری کا بہترین ایکٹر بنا دیتی ہیں۔ اس سے پہلے فلم ’کک‘ کے بعد سلمان خان کے لیے بھی ایسی ہی خواہشات کا اظہار کر چکی ہیں۔

بہر حال جب جیکلن سے پوچھا گیا کہ بالی وڈ کی ہیروئنیں اب ہالی وڈ میں بھی کام کرنے لگی ہیں تو ان کے کیا ارادے ہیں اس پر جیکلن نے کہا ابھی ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ لگتا ہے جیکلن کو اندازہ ہے کہ ابھی تو انھیں بالی وڈ میں ہی اپنی جگہ بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ہاؤس فل تھری میں اکشے کے ساتھ جیکلین اور ابھیشیک بچن بھی ہیں

فلم ’ہاؤس فل تھری‘ کے پروموشن سے متعلق پریس کانفرنس میں جیکلین کے ساتھ اکشے کمار اور ابھیشیک بچن بھی موجود تھے۔ اکشے کا کہنا تھا کہ انھیں ہالی وڈ میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

اور اب ابھیشیک سے جب ہالی وڈ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہالی وڈ کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔ انگلش صرف ایک زبان ہے اور کچھ نہیں۔ اس وقت دنیا بھر میں ہندی فلموں کی بہت چاہ ہے۔

ابھیشیک کی اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہندی فلموں کی مانگ دنیا بھر میں بڑھتی جا رہی ہے لیکن ہالی وڈ کی فلموں کو صرف زبان سے جوڑنا نادانی ہوگی۔ ہاں نادانی اس رپورٹر کی بھی جس نے آپ سے یہ سوال کیا۔ اب اپ کی حالت بھی جیکلن سے زیادہ بہتر تو نہیں ہے!

اپنے بیٹے پر فدا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption شاہ رخ سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے چھوٹے بیٹے اب رام کی تصاویر پوسٹ کرتے رہے ہیں

سپر سٹار شاہ رخ خان اکثر ٹویٹر پر اپنے بچوں کی تصاویر شیئر کرتے نظر آتے ہیں اور خِاص طور پر اپنے سب سے چھوٹے بیٹے اب رام کی تصاویر۔

شاہ رخ اب رام کی چھوٹی چھوٹی باتیں بھی تصاویر کے ساتھ ٹویٹر پر شیئر کرتے ہیں۔ لیکن حال ہی میں غالباً انھی کے گھر والوں نے انھیں ایسا کرنے سے منع کیا۔

لیکن خان صاحب کہاں ماننے والے تھے۔ کچھ ہی روز قبل وہ لندن میں اپنے بڑے بیٹے آرین کی گریجوئیشن کے لیے اپنے اہل خانہ کے ساتھ آئے اور وہیں کرن جوہر کی 45 ویں سالگرہ کی تقریب بھی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ gauri khan
Image caption اب رام کے ساتھ شاہ رخ کی ایک پرانی تصویر

پھر کیا تھا شاہ رخ تو کرن کی پارٹی میں مست تھے ہی چھوٹے خان صاحب بھی کھیل کود میں پیش پیش تھے۔ شاہ رخ نے جب اپنے صاحبزادے کو ڈھیر ساری بالز کے درمیان کھیلتے دیکھا تو ان سے رہا نہ گیا اور جھٹ اب رام کی تصویر اتار کر پھر ٹویٹر پر ڈال دی۔

ہاں اس بار اب رام کی شکل تصویر میں بالز کے درمیان چھپی ہوئی تھی۔ لگتا ہے کہ عمر کے اس حصے میں باپ بننے کا لطف شاہ رخ کچھ زیادہ ہی اٹھا رہے ہیں۔

اسی بارے میں