تندولکر، لتا منگیشکر کا مذاق اڑانے پر کامیڈین مشکل میں

سچن تندولکر تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption انڈیا میں سچن تندولکر اور لتا منگیشکر کی بہت عزت کی جاتی ہے

بھارت کے ایک کامیڈین سے کرکٹر سچن تندولکر اور سنگر لتا منگیشکر کا مذاق اڑانے کی ویڈیو کے منظرِ عام آنے کے بعد پولیس پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

تنمے بھاٹ نے سنیپ چیٹ کے ’فیس سویپ‘ کو استعمال کرتے ہوئے دونوں کا مذاق اڑایا تھا۔

٭ ’سچن کون؟‘

بھارت کی قوم پرست جماعت شیو سینا اور نونیرمن سینا نے پولیس کو شکایت کی تھی اور کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

ممبئی پولیس نے کہا ہے کہ وہ قانونی چارہ جوئی کریں گے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کس بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔

ویڈیو میں بھاٹ تندولکر بن کر کہتے ہیں کہ لتا منگیشکر پانچ ہزار سال پرانی ہیں اور ان کا چہرہ ’دیکھ کر لگتا ہے کہ انھیں آٹھ روز تک پانی میں رکھا گیا ہے۔‘

ویڈیو کے متعلق ردِ عمل پر سوشل میڈیا میں ایک بحث چل پڑی ہے۔

سوشل میڈیا پر ٹرینڈنگ میں تنمے بھاٹ کا نام پیر کو انڈیا میں سب سے زیادہ اوپر رہا۔ اور اس بات پر بحث ہوتی رہی کہ کیا کامیڈین نے اظہارِ رائے کی آزادی کی حد عبور تو نہیں کر لی۔

بھاٹ کو معلوم تھا کہ اس کا ردِ عمل ہو گا اور انھوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس کا ذکر بھی کیا۔ انھوں نے لکھا کہ جب آپ لوگ کل میرے بارے میں لکھیں تو مہربانی کر کے میرا سنیپ چیٹ آئی ڈی استعمال کریں۔

اسی بارے میں