مزاحیہ اداکار رزاق خان انتقال کر گئے

تصویر کے کاپی رائٹ razzak khan

ہندی فلموں کے معروف مزاحیہ اداکار رزاق خان کا ممبئی میں انتقال ہو گیا۔

مہرہ، راجہ ہندوستانی، عشق، ہیرا پھیری اور بھاگم بھاگ جیسی فلموں میں انھوں نے لوگوں کو اپنے اسٹائل اور آواز سے خوب ہنسايا۔

بہت فلمی شخصیات نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ رشی کپور نے لکھا ہے ’ریسٹ ان پیس، رزاق خان جن کے ساتھ میں نے کئی بار کام کیا ہے۔‘

وہیں راج پال یادو نے لکھا ہے، ’دل اداس ہو گیا یہ خبر سن کے۔ میرے دوست رزاق خان اب نہیں رہے۔ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔‘

سنہ 2007 میں بی بی سی کو لندن میں رزاق خان سے بات کرنے کا موقع ملا تھا۔

ان کا کہنا تھا ’ہم لوگ ایکٹر ہیں، کوئی سٹینڈ اپ کامیڈین نہیں۔ ڈائریکٹر ہمیں جو سین دیتا ہے، اس کا لطف اٹھاتے ہوئے ہم لوگوں کو ہنسانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کاغذ پر جو لکھا ہے اسے اپنی اداکاری سے اور بہتر کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔‘

ٹیلی ویژن پر کامیڈی شو کے بارے میں ان کا کہنا تھا ’یہ فل ٹائم جاب ہے۔ کامیڈی کرنا بہت مشکل کام ہے لیکن کچھ لوگ مانتے ہیں کہ ان میں سے بہت سے شو ایسے ہیں جنہوں نے کامیڈی کو بھی مذاق بنا دیاہے۔ ‘

رزاق خان کا کہنا تھا ’میرے حساب سے تو یہ شو ایک کامیابی کی طرح ہیں۔ آپ کھڑے کھڑے ہزار لوگوں کو ہنسا رہے ہو، معمولی بات نہیں ہے۔‘

اسی بارے میں