شیکسپیئر طرز کے پہلے فرانسیسی تھیٹر میں گرافیٹی

تصویر کے کاپی رائٹ STUDIO ANDREW TODD
Image caption اس پر 60 لاکھ یورو کا خرچ آیا ہے

شیکسپیئر کے گلوب تھیٹر کی طرز پر تعمیر کیے جانے والے پہلے فرانسیسی تھیٹر کی عمارت کو باضابطہ افتتاح سے ایک ہفتہ قبل ’گرافیٹی‘ سے خراب کر دیا گیا ہے۔

کیلے کے جنوب میں واقع تھیٹر کی بیرونی دیوار پر ’غیر ذمہ دار سیاست دانوں شرم کرو‘ جیسے نعرے نارنجی رنگ سے لکھے گئے ہیں۔ اس عمارت کا تمام بیرونی حصہ لکڑی کا ہے۔

اس تھیٹر کے برطانوی ماہر تعمیرات اینڈریو ٹوڈ نے کہا ہے کہ یہ انتہائی دائیں بازو کے عناصر کی جانب سے ’سیاسی بنیاد پر کی گئی بےحرمتی ہے۔‘

اس عمارت کو سوشلسٹ پارٹی کے تحت کام کرنے والے شعبے پا دا کیلے نے 60 لاکھ یورو میں بنوایا ہے اور اس کے مخالفین اسے پیسے کا ضیاع قرار دیتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ STUDIO ANDREW TODD
Image caption ملکہ الزبتھ اول کے عہد کا عکاس تھیٹر کیلے کے 48 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے

اس عمارت کے باہر اور اس کے ساتھ والی عمارت شیٹو جی آرڈیلو کی دیواروں پر ’وارٹ‘ اور ’دا ڈیٹ‘ جیسے الفاظ لکھے ہوئے تھے۔

اینڈریو ٹوڈ نے کہا: ’یہ کسی نابالغوں کے ٹولے کی شرارت نہیں بلکہ بہت منظم بالغوں کا کام ہے جنھوں نے بہت ہوشیاری کے ساتھ وہ پیغامات لکھے ہیں جو انتہائی دائیں بازوں کے حلقوں میں گردش کرتے رہے ہیں۔‘

انھوں نے اس تخریب کاری اور تہذیب سوزی کو ’برطانیہ کے یورپی یونین کے ریفرینڈم سے قبل کے بخار زدہ ماحول‘ سے جوڑتے ہوئے کہا ’یہ تعمیر بنیادی طور پر فرانس اور برطانیہ کی آپسی سمجھ کا اوتار ہے اور رہے گا۔‘

400 نشستوں والا یہ آرڈیلو تھیٹر گلوب کی طرح کے ڈيزائن کا فرانس کا پہلا تھیٹر ہے اور معروف ہدایت کاروں نے اس اہم طرز نو کا استقبال کیا ہے۔

اسی بارے میں