معروف براڈکاسٹر آغا ناصر انتقال کر گئے

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption آغا ناصر پاکستان میں سرکاری ریڈیو اور ٹی وی میں اہم ترین عہدوں پر تعینات رہے

پاکستان میں ریڈیو اور ٹی وی اور فلمی صنعت سے منسلک رہنے والی معروف شخصیت آغا ناصر کا اسلام آباد میں انتقال ہوگیا ہے۔

ان کی عمر 79 برس تھی اور وہ طویل عرصے سے علیل تھے۔

ان کی نماز جنازہ منگل کی شام اسلام آباد کے ایچ 11 قبرستان میں ادا کی جائے گی اور وہیں انھیں سپردِ خاک بھی کیا جائے گا۔

1937 میں ممبئی میں پیدا ہونے والے آغا ناصر پاکستان میں سرکاری ریڈیو اور ٹی وی پر کئی اہم ترین عہدوں پر تعینات رہے۔

انھوں نے اپنے کریئر کا آغاز 1955 میں ریڈیو پاکستان میں بحیثیت براڈکاسٹر کیا تھا اور بعد ازاں وہ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

1964 میں وہ پی ٹی وی سے منسلک ہوگئے تھے اور یہاں بطور ہدایتکار اور پروڈیوسر کام کیا۔

وہ کچھ عرصے کے لیے پی ٹی وی کے مینیجنگ ڈائریکٹر بھی رہے۔

آغا ناصر کی ایک تخلیق ’تعلیم بالغاں‘ کو پی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے بہترین ڈراموں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

انھوں نے کئی فلموں میں ہدایت کاری بھی کی جن میں وحید مراد اور طلت اقبال جیسے اداکاروں نے کام کیا تھا۔

وہ ایک اچھے مصنف بھی تھے انھوں نے کل چھ کتابیں تحریر کیں اور ان کی ثقافت پر تحریروں کو کافی پسند کیا گیا۔

اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ایک نجی ٹی وی چینل سے بھی منسلک رہے۔

انھیں ان کی خدمات کے نتیجے میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

آغا ناصر کے انتقال پر سرکاری سطح پر اور ذرائع ابلاغ میں شدید دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں