’میں منگنی کر رہی ہوں نہ شادی‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption خبر ہے کہ فلم دبنگ تھری میں سلمان کے سامنے پرینیتی کو سائن کیا جا رہا ہے کیونکہ فلم کے پروڈیوسر ارباز خان کو لگتا ہے کہ ’رجو‘ کے کردار کے لیے پرینیتی مناسب رہیں گی

اداکارہ پرینیتی چوپڑہ فلموں کے لحاظ سے تو آجکل بالکل فارغ ہیں تاہم بڑی بڑی فلموں میں انھیں لینے کی افواہیں خاصی گرم رہتی ہیں۔

پہلے سلمان خان کی فلم سلطان میں انھیں لینے کی افواہیں اڑیں لیکن بعد میں خبر آئی کہ پرینیتی نہیں بلکہ انوشکا فلم کی ہیروئن ہوں گی پھر افواہ پھیلی کہ وہ ارجن کپور کے ساتھ فلم ’مبارکا‘ میں نظر آئیں گی۔ اور اب خبر ہے کہ فلم ’دبنگ تھری‘ میں سلمان کے سامنے پرینیتی کو سائن کیا جا رہا ہے کیونکہ فلم کے پروڈیوسر ارباز خان کو لگتا ہے کہ ’رجو‘ کے کردار کے لیے پرینیتی مناسب رہیں گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Hoture Images
Image caption پرینیتی چوپڑا کافی دنوں سے کسی بڑے رول میں نہیں دکھیں لیکن ان سے واستہ افواہیں رہتی ہیں

اس سے پہلے دبنگ فرنچائز میں رجو کا کردار سوناکشی سنہا نے نبھایا تھا لیکن کہا جا رہا ہے کہ سلمان اور سوناکشی کے درمیان اختلافات کے سبب اب انھیں ’دبنگ تھری‘ میں شامل نہیں کیا جا رہا۔ جہاں تک ’دبنگ تھری‘ میں پرینیتی کو سائن کرنے کا تعلق ہے تو دلچسپ بات یہ ہے کہ خود پرینیتی کو اس کا علم نہیں ہے۔ خیر سچائی جو بھی ہو بڑی بڑی فلمیں نہ سہی ان فلموں میں سائن کیے جانے کی افواہیں بھی کوئی کم کامیابی نہیں، کیا پتہ افواہ حقیقت کب بن جائے۔

Image caption دپیکا پادوکون کے نام کے ساتھ یوں تو اداکاروں، کھلاڑیوں اور تاجروں سمیت کئی نام جوڑے گئے ہیں

دپیکا پادوکون کے نام کے ساتھ یوں تو پہلے بھی کئی نام جوڑے گئے جن میں رنبیر کپور سے لے کر کرکٹر یوراج سنگھ اور سدھارتھ مالیہ تک شامل ہیں۔ لیکن اب ایک نام ایسا ہے جس کے بارے میں دپیکا نے نہ تو کبھی تصدیق کی اور نہ ہی تردید اور وہ ہیں رنویر سنگھ۔

رنویر ہیں کہ دپیکا کی جانب اپنی محبت اور عقیدت ظاہر کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے اور دپیکا ہمیشہ ہی رنویر کے متعلق سوالوں کو ٹال دیتی ہیں۔ اب میڈیا نے بھی اس گول مول کہانی کو مزید نیا رنگ دینا شروع کر دیا اور کچھ عرصے سے دپیکا اور رنویر کی منگنی اور شادی کی خبریں گردش کرنے لگیں ہیں۔ ہر پریس کانفرنس میں دونوں کے رشتوں کے بارے میں سوال پوچھے جانے لگے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption رنویر دپیکا کی جانب اپنی محبت اور عقیدت ظاہر کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے

اسی ہفتے مشہور ڈیزائنر منیش ملہوترا کے فیشن شو میں ریمپ پر دلہن کے لباس میں واک کرنے کے بعد جب دپیکا نامہ نگاروں کے روبرو ہوئیں تو کسی منچلے رپورٹر نے پوچھ لیا کہ وہ اپنی شادی میں کیسا لہنگا پہننا چاہیں گی۔ اس پر دپیکا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا جی بالکل ایسا ہی لہنگا پہننا چاہوں گی۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’اس موقع پر میں اپنی شادی کے بارے میں بھی وضاحت کرنا چاہوں گی اور وہ یہ کہ ابھی منگنی، شادی یا بچے پیدا کرنے کا میرا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘

Image caption اداکار رنویر سنگھ جب بھی موقع ملتا ہے تو دیپیکا یادو کون سے اپنی محبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں

دپیکا نے منگنی اور شادی کے بارے میں جو کہا کسی حد تک ٹھیک ہی ہے لیکن بچے کی پیدائش سے شادی کا کیا تعلق، چاہیں تو توشار کپور سے پوچھ لیں۔

اداکار ارشد وارثی فلموں میں اپنے مزاحیہ کرداروں کے لیے مشہور ہیں خواہ وہ ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ ہو ’لگے رہو منا بھائی‘ یا پھر ’گول مال‘ ارشد وارثی کا کہنا ہے کہ کامیڈی کی حد تک تو ٹھیک ہے لیکن وہ کبھی بھی ایڈلٹ کامیڈی نہیں کرنا چاہیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Subhash kapoor
Image caption ارشد کا کہنا ہے کہ وہ خود ذو معنی ڈائیلاگ اور فحش کامیڈی پسند نہیں کرتے

ارشد کا کہنا ہے کہ جو لوگ اس طرح کی فلمیں کرتے ہیں وہ ان کے خلاف نہیں ہیں، ظاہر ہے یہ اپنا اپنا فیصلہ ہوتا ہے لیکن وہ خود ذو معنی ڈائیلاگ اور فحش کامیڈی پسند نہیں کرتے۔ ارشد وارثی کا کہنا ہے کہ زندگی میں پیسہ ہی سب کچھ نہیں ہوتا ان کے لیے عزت نفس بہت اہم ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کے بچے گوگل پر جا کر انھیں اس طرح کے کردار میں دیکھیں۔

ویسے ارشد نے یہ بڑے پتے کی بات کی ہے اب سمجھ میں آیا کہ رتیش دیش مکھ اور توشار کپور کیوں اس طرح کی فلمیں کرتے ہیں کیونکہ ان کے بچے ابھی بہت چھوٹے ہیں۔

اسی بارے میں