بالی وڈ سٹارز کی زندگی کی کہانیاں بھی فلمی!

Image caption میرا اور قطرینہ کا رشتہ بے بنیاد افواہوں، خبروں، مختلف نظریات اور تاثرات کے سبب خراب ہوا: رنبیر کپور

اداکار رنبیر کپور اور قطرینہ کیف تقریباً چھ سال کے رشتے کے بعد علیحدہ ہو گئے۔ حالانکہ دونوں نے کبھی بھی اپنے رشتے کے بارے میں کھل کر کچھ نہیں کہا تھا اور نہ ہی علیحدہ ہونے کے بارے میں کوئی بات کی۔

جب دونوں مبینہ طور پر ساتھ تھے تب بھی افواہوں کا بازار گرم تھا اور اب جب مبینہ طور پر الگ ہو چکے ہیں تو افواہیں ہیں کہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔

رنبیر کپور نے حال ہی میں فلم کرٹک راجیو مساند کے ساتھ ایک گفتگو میں اپنے اور قطرینہ کے رشتے کے بارے میں بات کی۔

٭ بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں

رنبیر کا کہنا تھا کہ ان کا اور قطرینہ کا رشتہ بے بنیاد افواہوں، خبروں، مختلف نظریات اور تاثرات کے سبب خراب ہوا۔

رنبیر نے یہاں تک کہا کہ اس سے بہت تکلیف ہوتی ہے کیونکہ ان کے والدین کے بعد قطرینہ ان کی زندگی میں بہت اثر رکھتی تھیں۔

رنبیر نے قطرینہ کے ان کی زندگی میں واپس آنے کی خبروں کی بھی تردید کر دی۔ رنبیر اور قطرینہ فلم ’جگا جاسوس‘ میں ساتھ کام کر رہے ہیں اور جہاں تک ان کے رشتے کا تعلق ہے تو بھائی فلم سٹارز کے بارے میں افواہیں اور خبریں کوئی نئی بات نہیں اس کا مطلب ہے بات کچھ اور ہی ہے۔

فرح کی بے باکی

تصویر کے کاپی رائٹ Colors
Image caption فرح خان کے سروگیسی کے ذریعے تین بچے ہیں

فرح خان بالی وڈ کی ایک ایسی شخصیت ہیں جو ہر سوال کا بے باک جواب دینے کے لیے مشہور ہیں۔

حال ہی میں ایک فرٹیلیٹی کلینک کے لانچ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا انھوں نے کہا کہ آئی وی ایف ان لوگوں کے لیے ایک بڑی امید ہے جن کے یہاں بچے پیدا نہیں ہوتے اور جو لوگ آئی وی ایف کی مدد سے بچے پیدا کرتے ہیں انھیں فخر سے یہ بات کہنی چاہیے کہ ان کے بچے آئی وی ایف سے پیدا ہوئے ہیں۔

فرح نے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ ان کے بچے آئی وی ایف کی دین ہیں کوئی پیزا والا یہ بچے ڈلیور کر کے نہیں گیا۔

51 سالہ فرح کے یہاں تین بچے ہیں جو آئی وی ایف کے مدد سے پیدا ہوئے ہیں۔

بالی وڈ میں سرو گیسی یا آئی وی ایف کا چلن خاصا عام ہوتا جا رہا ہے۔ شاہ رخ حان کے چھوٹے بیٹے ابرام، عامر خان کے بیٹے آزاد اور تو اور تشار کپور نے بھی سرو گیسی کی مدد سے ایک بیٹے کو جنم دیا ہے۔

ویسے فرح خان کی عمر دیکھ کر یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ انھیں آئی وی ایف کی ضرورت کیوں پڑی عامر اور شاہ رخ کا قصہ بھی ٹھیک ہے لیکن لوگوں کو توشار کپور کے کنوارے باپ بننے کی بات ہضم ہوتی نظر نہیں آ رہی۔

’ہم علیحدہ رہتے ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ہم فی الحال علیحدہ رہ رہے ہیں: ارباز خان

رواں سال مارچ میں فلمساز ارباز خان اور ان کی بیگم ملائکہ اروڑہ خان کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں پھر یہ کہا گیا کہ اس بارے میں پریس ریلیز جاری کی گئی تھی لیکن اسے ملائکہ کی منظوری حاصل نہیں تھی۔

اس کے باوجود بھی ملائکہ اور ارباز ایک ریستوران میں ڈنر کرتے دکھائی دیے تو میڈیا میں پھر خبریں کردش کرنے لگیں کہ دونوں اس رشتے کو ایک اور موقع دینا چاہتے ہیں۔

لیکن چند روز پہلے ایک پریس کانفرنس کے دوران جب ارباز سے پوچھا گیا کہ کیا دبنگ تھری میں بھی ملائکہ کا آئیٹم سانگ رکھا جائے گا تو ارباز خان نے واضح کر دیا کہ وہ اور ملائکہ فی الحال علیحدہ رہ رہے ہیں۔

ویسے اکثر بالی وڈ سٹارز کی زندگی کی کہانیاں بھی فلمی لگنے لگتی ہیں جس میں کہانی کب اور کیسے بدل جائے پتہ ہی نہیں چلتا۔

پرینیتی کو مشورہ بھاری پڑا!

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پرینیتی چوپڑہ نے حال ہی میں اپنا وزن کم کیا ہے

آج کل اداکارہ پرینیتی چوپڑہ سوشل میڈیا پر لوگوں کے نشانے پر ہیں۔ پرینیتی کا قصور صرف اتنا ہے کہ انھوں نے اپنی ایک دوست کو اس کی سالگرہ کے موقعے پر مبارکباد کے ساتھ ساتھ وزن کم کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔

پھر کیا تھا سوشل میڈیا کے ٹھیکیدار ہاتھ دھو کر پرینیتی کے پیچھے پڑ گئے۔

کسی نے خود پرینیتی کے وزن کم کرنے پر سوال اٹھایا تو کسی نے انھیں ان کے کمنٹس کے لیے شرمندہ کرنے کی کوشش کی۔

بیچاری پرینیتی جو حال ہی میں اپنا وزن کم کرنے کے بعد سب کی تعریف حاصل کر رہی تھیں غالباً اپنے تجربے کی بنیاد پر اپنی دوست کو مشورہ دے رہی تھیں سوشل میڈیا کی زد میں آگئیں۔ اس لیے بڑے بزرگ کہتے ہیں کہ بن مانگے مشورہ نہیں دینا چاہیے۔

اسی بارے میں