قرۃ العین بلوچ کی آواز اب بالی وڈ میں بھی

تصویر کے کاپی رائٹ quratulain balouch facebook
Image caption قرۃ العین نے معروف ٹی وی شو ’ہمسفر‘ کے ٹائٹل سانگ سے ہندو پاک کے ناظرین میں اپنی خاص پہچان بنائی

بالی وڈ کے لیے گیت گانے والے پاکستانی گلوکاروں کی فہرست میں ایک اور نام کا اضافہ ہو گیا ہے اور وہ نام معروف گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کا ہے۔

انھوں نے بالی وڈ کے ’شہنشاہ‘ کہے جانے والے اداکار امیتابھ بچن کی آنے والی فلم ’پنک‘ کے گیت ’کاری کاری رینا ساری‘ میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

گیت کو نیشنل انعام یافتہ نغمہ نگار اور مصنف تنویر غازی نے لکھا جسے گذشتہ روز باضابطہ طور پر ریلیز کیا گیا۔ یہ فلم کا دوسرا نغمہ ہے۔ اس سے قبل ’جینے دے مجھے‘ ریلیز کیا گیا تھا۔

امیتابھ بچن نے گیت کے بارے میں ٹویٹ کیا: ’بلند آہنگ کا گیت ’کاری کاری‘ پراز معنی، فیصلہ کن اور ہرطرح سے مکمل ہے۔‘

ٹائمز میوزک نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’قرۃ العین کا گیت کاری کاری سرحدوں کے دونوں پار کے لیے امید کا گیت ہے‘ اور یہ امید ظاہر کی کہ ’قرۃ العین کی سنسنی خیز اور جذباتی آواز میں فلم پنک کا یہ گیت لاکھوں دلوں کو چھوئے گا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ crispy bollywood
Image caption فلم پنک میں امیتابھ بچن نے ایک وکیل کا کردار ادا کیا ہے جو تین مظلوم لڑکیوں کا مقدمہ لڑتے ہیں

سرحدوں پر خواہ کشیدگی کیوں نہ ہو سیاست اپنا کوئی بھی کھیل کھیلے لیکن فن اپنا راستہ تلاش کر ہی لیتا اور اسے اس کے پرستار مل ہی جاتے ہیں کیونکہ ریلیز کے بعد اس گیت کو یوٹیوب پر تقریباً 15 لاکھ بار سنا جا چکا ہے۔

جہاں کبھی نور جہاں، مہدی حسن، غلام علی اور نصرت فتح علی خان کی آوازوں کا جادو سر چڑھ کر بولا وہیں دور جدید میں عاطف اسلم، علی ظفر، عدنان سمیع، عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کی آوازیں بالی وڈ میں گونج رہی ہیں۔ قرۃ العین بلوچ اس میں فہرست میں ایک گرانقدر اضافہ تصور کی جا سکتی ہیں۔

انڈین خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق قرۃ العین نے بالی وڈ کی موسیقار کی جوڑی سلیمان سلیم کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور خود کو ان کا فین بتایا تھا۔

خیال رہے کہ قرۃ العین بلوچ نے، جنھیں ’کیو بی‘ بھی کہا جاتا ہے، فواد خان کی اداکاری والے معروف ٹی وی شو ’ہمسفر‘ کے ٹائٹل سانگ سے انڈیا کے ناظرین میں اپنی خاص پہچان بنائی۔

تصویر کے کاپی رائٹ quratulain balouch facebook
Image caption قرۃ العین کی آواز کو پختہ اور بلند آہنگ کہا جاتا ہے

فلم ناقدین کا خیال ہے کہ کیو بی کی پختہ آواز میں یہ دل گداز گیت فلم کے مافی الضمیر کی ترجمانی کرتا ہے۔

گیت کو تین نئی اداکاراؤں تاپسی پنو، کرتی کلکرنی اور آندریا تارنگ پر فلمایا گیا ہے جو کہ فلم ’پنک‘ میں اہم کردار نبھا رہی ہیں۔ امیتابھ بچن فلم میں ایک وکیل کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ان تینوں خواتین کا مقدمہ لڑتے ہیں۔

گیت میں ’تتلیوں کے پنکھوں پر، رکھ دیے گئے پتھر، اے خدا تو گم ہے کہاں۔۔۔‘ جیسے معنی خیز الفاظ خواتین کی بے چارگی کے عکاس ہیں اور گیت کو دھیمے لہجے اور دھن نے مزید دلدوز بنا دیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ quratulain balouch facebook
Image caption قرۃ العین نے اس سے قبل ایک انٹرویو میں سلیم سلیمان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا

خیال رہے کہ کوک سٹوڈیو کے لیے قرۃ العین کے گائے گیت ’بے وفائیاں‘ اور ’پنچھی ہوں اڑنے دو‘ بھی خاصے پسند کیے گئے ہیں۔

’پنک‘ کی ہدایتکاری بنگالی فلم ساز انیردھ رائے چوہدری نے کی جنھیں فلم ’انت ہین‘ کے لیے نیشنل ایوارڈ دیا گيا تھا۔

اس فلم کو رشمی شرما اور رونی لہری نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ فلم 16 ستمبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔

اسی بارے میں