’جب تک کام ملےگا کرتی رہوں گی‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption قطرینہ آج کل پھر سے دھرما پروڈکشن کی بننے والی فلم ’بار بار دیکھو‘ کے حوالے سے سرخیوں میں ہیں

بالی وڈ کے اداکار رنبیر کپور سے علیحدگی اور ماضی میں ریلیز ہونے والی فلم ’فتور‘ کے فلاپ ہونے کے بعدسے اداکارہ قطرینہ کیف کے فلمی کیریئر کو ایک طرح سے آخری دموں پر قرار دیا جانے لگا ہے۔

لیکن قطرینہ آج کل پھر سے دھرما پروڈکشن کی بننے والی فلم ’بار بار دیکھو‘ کے حوالے سے کافی سرخیوں میں ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ spice pr
Image caption قطرینہ کی نئی آنے والی فلم ’بار بار دیکھو‘ ایک رومانٹک فلم ہے، اس میں قطرینہ کے ساتھ اداکار سدھارتھ ملہوترا پہلی بار نظر آئیں گے

کریئر کے حوالے سے قطرینہ کیف کا کہنا ہے کہ ’بالی وڈ میں رہنا یا آؤٹ ہو جانا قسمت پر منحصر ہے۔ فی الحال مجھے کام مل رہا ہے، اور جب تک کام ملتا رہے گا تب تک میں کرتی رہوں گی۔‘

اپنے سات برس کے فلمی کریئر میں قطرینہ کیف نے بالی وڈ کے تمام بڑے سٹارز کے ساتھ کام کیا ہے۔

ان اداکاروں کے تعلق سے ایک سوال کے جواب میں قطرینہ کا کہنا تھا کہ ’عامر خان اپنے کام میں پوری طرح ڈوب جاتے ہیں۔ کام کے وقت ان کا اور کسی دوسری چیز سے کوئی مطلب نہیں رہتا۔ جبکہ شاہ رخ خان اپنے ساتھی اداکاروں کا پورا خیال رکھتے ہیں اور اچھے طریقے سے پیش آتے ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ crispy bollywood
Image caption قطرینہ کہتی ہیں کہ جب تک انھیں بالی وڈ میں کام ملتا رہے گا اس وقت تک وہ کرتی رہیں گی

انھوں نے مزید کہا: ’اکشے کمار جو بھی کرتے ہیں مکمل تندہی سے کرتے ہیں۔ ان سے کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور سلمان خان جو کچھ بھی کرتے ہیں پورے دل سے کرتے ہیں۔‘

قطرینہ کی پچھلی فلم ‎’فتور‘ باکس آفس پر بری طرح سے فلاپ ثابت ہوئی تھی۔ اس پر قطرینہ کا کہنا ہے کہ ’باکس آفس پر ’فتور‘ کے کامیاب نہ ہونے کی وجہ میں آج تک سمجھ نہیں پا رہی ہوں۔ فلم تو کافی اچھی بنی تھی۔ ویسے تو یہ سب ناظرین پر منحصر ہے کہ انھیں کیا پسند آتا ہے اور کیا نہیں۔ ہم تو صرف محنت ہی کر سکتے ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ crispy bollywood

آج کل بالی وڈ کی کئی اداکارائیں بالی ووڈ سے زیادہ ہالی وڈ میں کام کے تعلق سے سرخیوں میں ہیں۔

اس کے حوالے سے قطرینہ کا کہنا تھا کہ ’فی الحال تو میرا ہالی وڈ میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ اور اب تک وہاں سے کوئی پیشکش بھی نہیں آئی ہے۔ اگر کوئی اچھی آفر آئی تو اس بارے میں ضرور سوچوں گي۔‘

قطرینہ کی نئی آنے والی فلم ’بار بار دیکھو‘ ایک رومانٹک فلم ہے۔ اس میں قطرینہ کیف کے ساتھ اداکار سدھارتھ ملہوترا پہلی بار نظر آئیں گے۔ یہ فلم آئندہ نو ستمبر کونمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اسی بارے میں