’حاملہ ہونے سے میرے کام پر کوئی اثر نہیں پڑتا‘

تصویر کے کاپی رائٹ crispy bollywood
Image caption کرینہ کپور اس وقت امید سے ہیں لیکن فلم کے تعلق سے ان کی سرگرمیاں پوری طرح جاری ہیں

انڈیا میں عام طور پر حاملہ خواتین کو ‎’گراؤنڈ‘ کر دیا جاتا ہے، یعنی انھیں گھر سے باہر نہ جانے کی ہدایت دی جاتی ہیں اور آرام کرنے کو کہا جاتا ہے۔

لیکن بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور، جو اس وقت حاملہ ہیں، مسلسل کام کرتی رہی ہیں۔

ابھی چند روز پہلے ہی کی بات ہے کرینہ کپور نے ممبئی کے ایک فیشن شو میں شرکت کی تھی اور ریمپ پر بھی بطور ماڈل پیش ہوئی تھی۔

کرینہ کپور ممبئی میں ایک ایونٹ کے دوران میڈیا سے بھی مخاطب ہوئیں اور کہا ’میں کریئر والی خاتون ہوں اور میں تو کام پر جاؤں گی، اور جب تک کردار ملیں گے کام کروں گی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption حال ہی میں کرینہ کپور نے ممبئی کے ایک فیشن شو میں شرکت کی تھی اور ریمپ پر بھی بطور ماڈل پیش ہوئی تھی

دوران حمل آرام کرنے سے متعلق جب ان سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا: ’آپ کو کیسے پتہ کہ میں آرام نہیں کرتی؟ میں دن میں کام کرتی ہوں اور رات میں آرام کرتی ہوں، مجھے تو کوئی تکلیف نہیں ہے۔‘

کرینہ کپور نے اس مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا: ’دیکھیے، اگر کوئی میرے پاس کوئی رول لے کر آئے گا تو وہ رول تو میں کروں گی، میرے حاملہ ہونے سے میرے کام پر کوئی اثر پڑتا ہو ایسا مجھے نہیں لگتا۔‘

کرینہ نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کے اس موڑ کا بھر پور لطف اٹھا رہی ہیں اور ان پر کسی بھی چیز کا دباؤ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا: ’میں اس وقت کو انجوائے کر رہی ہوں، میں اب پہلے سے بھی اچھی دکھائی دے رہی ہوں، لوگوں نے مجھ سے کہا کہ چہرے پر چمک ہے اور میرے بال بھی اس وقت سب سے اچھے ہیں، تو مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔‘

اسی بارے میں