’سفید فام، دبلی ماڈلز کی سب سے زیادہ کمائی‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption برازیلین ماڈل جیزیل نے جون 2015 سے جون 2016 کے درمیان تین کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کمائے

امریکی جریدے فوربز کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ماڈلز بے انتہا سفید اور دبلی پتلی ہوتی ہیں۔

٭ جینیفر کمائی میں سب سے پہلے دیپیکا دسویں نمبر پر

٭ ٹیلر سوئفٹ سب سے امیر ترین سیلیبرٹی

امریکہ میں واقع ایک ادارے کی جانب سے کیے جانے والے سروے کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ماڈلز کی مجموعی آمدن یکم جون 2015 سے لے کر اب تک دس کروڑ 54 لاکھ ڈالر ہے۔

اس عرصے میں ان ماڈلز کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر فالورز کی تعداد 20 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔

سب سے زیادہ کمانے والی ماڈل کینڈیل جینر ہیں جن کی آمدن بھی ایک کروڑ ڈالر تک ہو گئی ہے۔

فوربز میگزین کی نامہ نگار نیٹلی روبھمڈ نے بی بی سی سے گفتگو میں بتایا کہ زیادہ معاوضہ لینے والی ماڈلز کی حالیہ لسٹ فیشن میں ان کی کم شمولیت کی عکاس ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ایڈریانہ لیما سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی دوسری بڑی ماڈل ہیں

اگرچہ کیٹ واک اور ایڈیٹوریل شوٹس میں ہر رنگ کی ماڈلز کو لینے کی کوشش کی جاتی ہے تاہم اب بھی سب سے زیادہ معاوصہ لینے والوں میں سفید فام ماڈلز ہی شامل ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ اگرچہ سیاہ فام سپر ماڈلز بھی موجود ہیں جیسے کہ جارڈن ڈن اور جواین سمالز جن کے پاس بڑے کنٹریکٹس ہیں لیکن اب بھی فیشن انڈسٹری میں تنوع نظر نہیں آتا۔

وہ کہتی ہیں کہ سنہ 2016 میں موسمِ خزاں میں ہونے والی کیٹ واک میں تین چوتھائی سے زیادہ ماڈلز سفید فام ہیں۔

فوربز نے حال ہی میں فیشن سپاٹ کے سروے کا حوالہ بھی دیا ہے جس میں امریکہ میں رواں برس موسمِ بہار میں چھپنے والے 236 اشتہارات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کینڈل جینر کی آمدن میں ایک سال میں 150 فیصد اضافہ ہوا
تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption 22 سالہ گیگی ہدید ابھرتی ہوئی ماڈل ہیں
تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption لیو وین کی آمدنی 70 لاکھ ڈالرز رہی

اعدادوشمار کے مطابق ان اشتہارات میں سفید فام ماڈلز کی تعداد 78.2 فیصد تھی جبکہ سیاہ فام ماڈلز کی تعداد 8.3 فیصد تھی۔ ایشیا سے تعلق رکھنے والی ماڈلز کی تعداد چار فیصد اور لاتینا سے 1.7 فیصد ماڈلز کو شامل کیا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption کارلی کلوس نے جون 2015 میں اپنا معاوضہ دگنا کر دیا تھا

فیشن سپاٹ کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ تنوع کی جانب سرسری سی پیش رفت ہے تاہم یہ ایک سیزن سے دوسرے سیزن تک جانے کے لیے ایک طویل راستہ ہے اور اعداد بدلتے رہتے ہیں۔

فوربز کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فیشن ایجنسیوں کی جانب سے خواجہ سراؤں کو بھی شامل کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption روزی ہنٹنگٹن نے 90 لاکھ ڈالرز کمائے

’مگر یہ خواتین طویل منافع بخش ڈیل کرنے کے لیے کم ہی پراعتماد نظر آتی ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption جیزمن ان چند سیاہ فام ماڈلز میں شامل ہیں جنھیں فوربز نے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ماڈلز میں شامل کیا ہے

رواں سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والی کینڈل جینر کی آمدن میں 150 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اگرچہ جارڈن 20 ماڈلز کی فہرست میں شامل نہیں تاہم وہ دنیا کی ان خواتین ماڈل میں شامل ہیں جن کی سب سے زیادہ تصاویر بنی

سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ماڈلز

  • جزیل بنچن ،تین کروڑ 50 لاکھ ڈالر۔
  • ایڈریانہ لیما، ایک کروڑ پچاس لاکھ ڈالر۔
  • کینڈل جینر، ایک کروڑ ڈالر۔
  • کارلی کلوس، ایک کروڑڈالر۔
  • گیگی ہدید، 90 لاکھ ڈالر۔
  • روزی ہنٹگٹن، 90 لاکھ ڈالر۔
  • کارا ڈیلوین، 85 لاکھ ڈالرز۔
  • کینڈس سوانپل، 70 لاکھ ڈالرز۔
  • لیو وین، 70 لاکھ ڈالرز۔
  • مرنڈا کیر، 60 لاکھ ڈالرز۔

اسی بارے میں