اس قدر تعریف سے گھبرا جاتا ہوں: امیتابھ بچن

تصویر کے کاپی رائٹ Universal PR
Image caption فلم پنک میں امیتابھ بچن نے ایک وکیل کا کردار ادا کیا ہے

بالی وڈ فلم ’پنک‘ میں ادکار امیتابھ بچن کا کردار لوگوں کی توجہ کا مرکز ثابت ہو رہا ہے اور فلم میں ان کی اداکاری کی خاصی تعریف ہو رہی ہے۔

لیکن امیتابھ بچن کا کہنا ہے انھیں اس قدر تعریف سے گھبراہٹ ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا: ’اس فلم کے لیے میری ایسے بھی بہت سے لوگوں نے تعریف کی جو مجھ سے کبھی بات تک نہیں کرتے تھے۔ اتنی تعریف سے مجھے گھبراہٹ ہوتی ہے۔‘

لیکن حال ہی میں سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج مارکنڈے کاٹجو نے ان کی تعریف نہیں کی ہے بلکہ انھوں نے ان کی تعریف کرنے والے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جسٹس کاٹجو نے تین دن قبل اپنے ایک پوسٹ میں لکھا: ’امیتابھ بچن کا دماغ خالی ہے اور چونکہ زیادہ تر میڈیا والے ان کی تعریف کرتے نہیں تھکتے اس لیے مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ ان کا دماغ بھی خالی ہے۔‘

اس کے جواب میں امیتابھ بچن نے نامہ نگاروں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: ’میرا دماغ خالی ہے۔ وہ درست ہیں، میرا دماغ خلاص (ختم) ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Universal PR
Image caption فلم پنک کی اوپننگ اچھی ہوئی ہے اور اس سے وابستہ افراد بہت خوش ہیں

انھوں نے مزید کہا: ’ہم نے ایک ہی سکول میں تعلیم حاصل کی ہے، وہ میرے سینیئر تھے، ہمارے درمیان کوئی دشمنی نہیں ہے۔‘

اس فلم میں امیتابھ نے ایک ایسے وکیل کا کردار نبھایا ہے جو ریپ کی شکار خواتین کو انصاف دلانے کے لیے قانونی کی خامیوں کو شدت کے ساتھ سامنے لاتے ہیں۔

فلم کے پروموشن کے بارے میں امیتابھ بچن نے کہا: ’لوگ فلم ریلیز ہونے کے پہلے پروموشن کرتے ہیں، لیکن میں نے یہ سوچا کہ اس بار فلم ریلیز ہونے کے بعد سب سے ملا جائے۔‘

اپنے زمانے کے ’اینگری ینگ مین‘ کا خطاب حاصل کرنے والے اداکار نے کہا: فلم بناتے وقت اس کی کامیابی کے بارے میں ہم نے نہیں سوچا تھا۔ ہم ایک ایسی فلم لوگوں کے سامنے لانا چاہتے تھے جس کا موضوع بہت مضبوط ہو۔

Image caption سابق جج مارکنڈے کاٹجو اپنے متنازع بیانات کے لیے معروف ہیں

اس فلم کے کردار کے بارے میں انھوں نے کہا: ’ہر کردار کو نبھانے میں پریشانی تو ہوتی ہی ہے لیکن کردار کو پردے پر اچھی طرح اتارنے کے لیے مقصد واضح ہونا چاہیے۔ اور ایسی ہی صورت میں کردار کے ساتھ انصاف کیا جا سکتا ہے۔‘

انیرودھ چودھری کی ہدایت میں بننے والی فلم ’پنک‘ باکس آفس پر تین دنوں میں ساڑھے 21 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ شوجت سرکار اس فلم کے مشترکہ ڈائریکٹر ہیں۔

فلم سے وابستہ لوگوں کو امید ہے کہ امیتابھ بچن کی یہ فلم 100 کروڑ کی کمائی والے کلب میں شامل ہو سکتی ہے۔

’پنک‘ میں امیتابھ بچن کے علاوہ تاپسي پنوں، انگد بیدی، پیوش مشرا اور دھرتمان چیٹرجی بھی ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں