’بھارت مخالف ٹوئٹس‘، پاکستانی نژاد اداکار برطرف

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption نور نے پاکستانی اداکاروں سے بھی مطالبہ کیا تھا کہ وہ انڈیا میں کام نہ کریں

برطانیہ کے ایک مشہور ٹی وی سیریل میں کام کرنے والے پاکستانی نژاد اداکار کو مبینہ انڈیا مخالف نسل پرستانہ ٹوئٹس کرنے پر ڈرامے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

برطانیہ کے چینل آئی ٹی وی کا کہنا ہے کہ مارک انور کی جانب سے کی جانے والے ٹوئٹس نسل پرستانہ تھیں۔

پاکستان میں پیدا ہونے والے 45 سالہ مارک انور سنہ2014 سے وہ ڈرامہ سیریل’ کورونیشن سٹریٹ‘ میں اداکاری کر رہے ہیں۔

انور نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے جانے والے کمنٹس میں کشمیر کے معاملے پر انڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مبینہ طور پر انھوں نے اپنی ٹوئٹس میں نازیبا زبان بھی استعمال کی تھی۔

ایک برطانوی اخبار کی جانب سے شائع کیے گئے انوار کے اکاؤنٹ کے سکرین شاٹس کے مطابق اداکار نے اپنے پیغامات میں پاکستانی وزیرِ اعظم میاں محمد نواز کے انڈین وزیرِاعظم نریندر مودی سے دوستانہ تعلقات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انور نے پاکستانی اداکاروں سے بھی مطالبہ کیا تھا کہ وہ انڈیا میں کام نہ کریں۔

آئی ٹی وی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمیں انوار کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کیے گئے نسل پرستانہ پیغامات پر شدید صدمہ ہوا ہے، ہم نے اداکار سے بات کی ہے اور وہ اب دوبارہ ڈرامے میں اداکاری نہیں کریں گے۔‘

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں