جولی سے علیحدگی کے بعد پٹ کی فلم پریمیئر میں غیر حاضری

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption بریڈ پٹ نے کہا کہ وہ پریمیئر میں شرکت اس لیے نہیں کر رہے کیونکہ وہ لوگوں کی توجہ فلم سے نہیں ہٹانا چاہتے

ہالی وڈ کے معروف اداکار بریڈ پٹ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تازہ ترین فلم کے پریمیئر میں اس لیے شرکت نہیں کریں گے کیونکہ وہ اپنی پوری توجہ اپنے ’خاندانی مسئلے‘ پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

بریڈ پٹ کو طلاق کی درخواست پر ’افسوس‘

اداکار بریڈ پٹ اس وقت میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے تھے جب یہ انکشاف ہوا تھا کہ ان کی اہلیہ اداکارہ اینجلینا جولی نے ان سے طلاق کی درخواست درج کی ہے۔

پٹ نے ڈائریکٹر ٹیرنس ملک کی دستاویزی فلم ’وائِج آف ٹائم‘ میں پس پردہ اپنی آواز دی ہے۔ یہ فلم کائنات کے آغاز کے موضوع پر مبنی ہے۔

فلم کا پریمیئر بدھ کو لاس اینجلس میں واقع کیلیفورنیا سائنس سینٹر آئی میکس تھیئٹر میں منعقد ہورہا ہے۔

بریڈ پٹ نے کہا کہ وہ پریمیئر میں شرکت اس لیے نہیں کر رہے کیونکہ وہ لوگوں کی توجہ فلم سے نہیں ہٹانا چاہتے۔

ایک بیان میں پٹ نے کہا: ’ٹیرنس کی ’وائِج آف ٹائم‘ بچوں اور خاندانوں کے لیے ایک بہت ہی خوبصورت اور منفرد تجرباتی آئی میکس فلم ہے جو وقت کی پیدائش کا احوال بتاتی ہے۔ میں اتنے دلچسپ اور تعلیمی منصوبے کا حصہ بننے کا بہت شکرگزار ہوں لیکن فی الحال اپنے خاندانی مسئلے میں مصروف ہوں اور لوگوں کی توجہ اس خوبصورت فلم سے نہیں ہٹانا چاہتا۔‘

اداکارہ کیٹ بلانچیٹ نے اسی دستاویزی فلم کے طویل ورژن کو پس پردہ آواز دی ہے۔ اس سے قبل 52 سالہ بریڈ پٹ نے سنہ 2011 میں ریلیز ہونے والی ٹیرنس ملک کی فلم ’ٹری آف لائف‘ میں بھی اداکاری کی تھی۔

اینجلینا جولی کے وکیل رابرٹ آفر کا کہنا ہے کہ اینجلینا جولی نے ’شادی کی تنسیخ‘ کی درخواست جمع کرا دی ہے اور یہ فیصلہ ’خاندان کی صحت کی خاطر‘ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اینجلینا جولی اور بریڈ پِٹ سنہ 2004 سے ایک ساتھ رہے تھے، تاہم انھوں نے شادی خاصے عرصے بعد اگست 2014 میں کی تھی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں