http://www.bbc.com/urdu/

Saturday, 25 February, 2006, 18:55 GMT 23:55 PST

ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

گیارہ ایوارڈ بلیک کے نام

بھارتی فلمی صنعت کا سب سے مقبول ’فلم فیئر ایوارڈ‘ سنیچر کی شب ممبئی کے مضافات میں باندرہ کے ایم ایم آر ڈی اے گراؤنڈ پر منعقد ہوا۔

بلیک نے سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کر کے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ یہ فلم سن دو ہزار پانچ کی بہترین فلم تھی۔ اس فلم نے گیارہ ایوارڈ حاصل کیئے جبکہ تین ایوارڈ فلم پرینیتا کے نام ہوئے۔

بہترین قرار دی جانے والی فلم بلیک میں بہترین اداکار کے طور پر ایک بار پھر سپر اسٹار امیتابھ بچن کو منتخب کیا گیا، بہترین اداکارہ کا ایوارڈ رانی مکھرجی نے حاصل کیا جبکہ سنجے لیلا بھنسالی بہترین ہدایت کار قرار پائے۔

بہترین کہانی کے لئے فلم ’ہزاروں خواہشیں ایسی‘، بہترین مکالمے کے لئے پرکاش جھا کی فلم ’اپہرن‘ اور بہترین سکرین پلے کے لئے ’پیج تھری‘ کو ایوارڈ ملا۔

فلم بنٹی اور ببلی کا گیت ’کجرارے کجرارے‘ بہت مقبول ہوا ہے اور اس کے ایک گیٹ نے دو ایوارڈ حاصل کیئے ہیں۔ بہترین گیت کے لئے گلزار اور بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ علیشا چنائے کو دیا گیا، جنہوں نے یہ گیت گایا ہے۔
ودیا بالن
ودیا بالن نے خوبصورت چہرہ اور نئی ہیروئین کا ایوارڈ لیا

ایوارڈ پروگرام کے دوران فلمی دنیا سے رخصت ہونے والے اداکاروں سنیل دت، امریش پوری ، دھرمیش ملہوترہ، اسماعیل مرچنٹ ، لکشمی کانت بیرڈے ، مہی پال ، نادرہ ، رامانند ساگر اور پروین بابی کو یاد کیا گیا۔

پرینیتا کی خوبصورت اداکارہ ودیا بالن نے خوبصورت چہرہ اور نئی ہیروئین کا ایوارڈ لیا۔ نئے ہیرو کا ایوارڈ فلم ’ہزاروں خواہشیں ایسی‘ کے ہیرو شنئے آہوجہ نے حاصل کر لیا۔

ادکارہ شمیتا شیٹی نے ہیروئین پروین بابی کے گیتوں پر رقص کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

فلم ’اپہرن‘ میں بہترین منفی کردار کے لئے نانا پاٹیکر کو‘ فلم ’گرم مصالحہ‘ میں کامیڈی رول کے لئے اکشے کمار کو اور فلم ’سرکار‘ میں معاون اداکار کے لئے ابھیشیک کو ایوارڈ دیا گیا۔

بہترین پلے بیک گلوکار ہمیش رشمیا اور بہترین میوزک کے لئے فلم بنٹی اور ببلی کا انتخاب کیا گیا۔

ایک عرصہ سے فلمی دنیا سے دور رہنے والی خوبصورت اور کامیاب اداکارہ مادھوری ڈکشت نے فلم دیوداس کے گیت پر رقص پیش کیا۔

بھارتی فلمی صنعت کی سب سے حسین کہلانے والی اداکارہ ایشوریہ رائے نے ابھیشیک بچن کے ساتھ کجرارے پر رقص کیا ۔
امیتابھ
امیتابھ بچن اب بھی مقبول ترین

فلم فیئر ایوارڈ آج بھی بھارتی فلمی صنعت کا سب سے بڑا اعزاز مانا جاتا ہے۔ اکیس مارچ انیس سو چون 1954 کو اس فلم فیئرایوارڈ کی بنیاد ڈالی گئی تھی اور اسی سال ’دو بیگھ زمین‘ نے پانچ ایوارڈ اپنے دامن میں سمیٹ لئے تھے۔ مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر نے یہ ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا تھا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کی شکل ایک بے لباس عورت کی ہے۔ انہیں یہ ایوارڈ کپڑے میں لپیٹ کر دیا گیا تھا۔

وجینتی مالا نے فلم دیوداس میں بہترین ساتھی اداکارہ کا ایوارڈ لینے سے انکار کردیا تھا کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ اس فلم کی ہیروئین سچتراسین کے بجائے وہ ہیں۔